لاہور(نیوز رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محسن حسن بٹ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نارتھ رانا عبدالجبار نے گزشتہ روز ایف آئی اے لاہور زون آفس کا دورہ کیا۔ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز ورک اور ڈائریکٹر فیصل آباد زون رائے اعجاز احمد نے یونان واقعہ کے حوالے سے پیشرفت پر بریفنگ دی اور بتایا کہ یونان کشتی حادثے میں لاہور اور فیصل آباد زون نے اب تک 5 انکوائریاں اور 149 مقدمات درج کئے۔لاہور اور فیصل آباد زون نے کشتی حادثے میں ملوث 41 انسانی سمگلروں کو گرفتار کیا۔ڈی جی ایف آئی اے محسن حسن بٹ نے یونان کشتی حادثے میں ملوث ملزمان کو فورا گرفتار کرنے کے لئے مزید ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم جاری کیا اور کہا کہ چھاپہ مار ٹیمیں انسانی سمگلرز کی گرفتاری کے لئے لواحقین سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے یونان کشتی حادثے میں ملوث ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کا حکم جاری کیااور کہا کہ کشتی حادثے میں ملوث ایجنٹوں کے شناختی کارڈ اور بنک اکاو¿نٹس فوری بلاک کئے جائیں۔یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلروں کے پاسپورٹ بلیک لسٹ کئے جائیں۔ملک کے تمام ائرپورٹس پر تعینات افسران ملوث ایجنٹوں کے گرفتاری کے لئے کڑی نگرانی کریں۔ائرپورٹ انچارجز اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی ایجنٹ بیرون ملک فرار نہ ہو پائے۔