لاہور( این این آئی)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام 7سے 9 جولائی تک سکردو میں بین الاقوامی سیاحتی سمٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ بات آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری نے بتائی۔ آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ سیاحت کا شعبہ پاکستان کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری کا سب سے آسان ذریعہ ہے۔ ہمارے شمالی علاقوں کی طرح شاید دنیا میں کوئی اور سیاحتی مقام نہیں ہے تاہم ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں سیاحت کو کبھی ترجیح نہیں دی گئی اور اس حوالے سے ٹھوس اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے سیاح دوسرے ممالک کا رخ کر رہے ہیں۔سی پیک منصوبے کی تکمیل اور اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سیاحت کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اسکردو میں بین الاقوامی پروازیں شروع کی جائیں تاکہ دنیا بھر سے پروازیں سکردو آئیں۔ اس کے علاوہ سکردو میں سیاحت کے فروغ کے لیے انفراسٹرکچر کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جائے۔ سیاحت کے فروغ کے لیے سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے نئے ریستوران، ہوٹل اور گیسٹ ہاﺅس بنائے جائیں۔
سکردو سمٹ