اسلام آباد(نا مہ نگار)صوبہ ہزارہ تحریک اور نئے صوبہ جات تحریک کے چئیرمین سردار محمد یوسف ،وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود، سیکرٹری جنرل پروفیسر سجاد قمر ،پوٹھوہار تحریک کے چوہدری سرفراز افضل،کنونئیر نصراللہ جرال،مالاکنڈ سے سردار رضا خان نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی کے اس بیان کی تائید کی ہے جس میں انھوں نے کہا کہ ملک میں نئے صوبے بننے چاہیے ہیں۔سردار محمد یوسف اور پروفیسر سجاد قمر نے کہا کہ موجودہ عہد میں ہزارہ صوبہ کی تحریک کے لیے سات لوگوں نے جانوں کی قربانی دی۔اور ہماری تحریک پورے تسلسل سے جاری ہے۔قومی اسمبلی میں گزشتہ چار سال اور سینٹ میں ایک سال سے صوبہ ہزارہ کا بل اسٹینڈنگ کمیٹیوں میں موجود ہے۔اس تناظر میں مرزا محمد آفریدی کا بیان خوش آئند اور تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ملک میں جہاں جہاں بھی ضرورت ہے انتظامی سطح پر نئے صوبے بنانے کی ضرورت ہے۔چھوٹے انتظامی یونٹس سے مسائل کے حل میں بہتری ہو گی۔ایک وزیر اعلی اپنے پورے دور حکومت میں پورے صوبہ کا دورہ نہیں کر سکتا۔اکثر قومی جماعتوں نے پنجاب میں اپنا تنظیمی سیٹ اپ دو سے تین حصوں میں تقسیم کیا ہے۔تو اس کی جگہ نئے صوبے بنا دیں ۔تو عوام کو زیادہ فائدہ ہو گاپروفیسر سجاد قمر نے کہا کہ اس حوالے سے جلد قومی سطح پر ایک کانفرنس بلائی جائے گی۔جس میں نئے صوبوں پر مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ضرورت اس بات کی ہے کہ انتخابی اسٹنٹ سے نکل کر سنجیدگی سے اس مسئلے کو حل کیا جائے اور قومی سطح پر نئے صوبوں کے لیے کمیشن تشکیل دیا جائے۔سابق ایم پی اے چوہدری محمد سرفراز افضل،نصراللہ جرال ،سردار رضا خان نے بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی کے بیان کی تائید کی اور کہا کہ جنوبی پنجاب، پوٹھوہار، خیبر پختون خواہ بلوچستان اور سندھ میں انتظامی سطح پر نئے صوبے بنانا وقت کی ضرورت ہے اور اس پر قومی سطح پر مشاورت اور عمل در آمد کی ضرورت ہے۔
سردار محمد یوسف