فلور ملز کا 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 80 روپے کی کمی کا اعلان

پنجاب کے وزیر خوراک سے فلور ملز ایسوسی ایشن نمائندگان کی  ملاقات ہوئی۔ملاقات کے دوران فلور ملز نمائندگان نے 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 80  روپے کمی کا اعلان کیا.چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے کہا کہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کا ریٹ 1880 سے کم ہو کر 1800 ہو گیا ہے۔اس موقع پر وزیر خوراک بلال یاسین کا کہنا تھا کہ گندم کے اضافی سٹاک کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش ہوئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عوامی ریلیف اولین ترجیح ہے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ہوا.مریم نواز نے آٹے کے مارکیٹ نرخ منگوا لیے.وزیر اعلیٰ مریم نواز نے آٹے کے نرخ کے غلط اعداد و شمار پر اظہار ناپسندیدگی کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے آٹے کے مارکیٹ نرخ کی روزانہ بنیادپر رپورٹ طلب کرلی. اجلاس میں پرمٹ کے ساتھ آٹے کی نقل و حمل کی اجازت کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے محکمہ فوڈ کی ری اسٹرکچرنگ کی ہدایت کی.اس کے علاوہ محکمہ فوڈ کے ملازمین کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا طریقہ کار طے کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا آٹے کے نرخ ناجائز طور پر بڑھانے کی اجازت نہیں دوں گی.مافیاز اپنا کام کر رہے ہیں اور محکمے سو رہے ہیں.محکمے اپنا کام نہیں کریں گے تو گورننس کیسے بہتر ہوگی۔کسان گندم بیچ چکا ہے. اب مافیاز کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے.اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پنجاب میں 2.2 ملین میٹرک ٹن گندم کے سرکاری ذخائر موجود ہیں۔

قبل ازیں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ گندم کی فی من قیمت میں پانچ سے آٹھ سو روپے تک اضافہ ہوگیا ہے۔جون کے پہلے ہفتے میں 2700 روپے من پہنچنے والی گندم 30جون کو 3500 روپے من سے تجاوز کر گئی ہے۔عیدالاضحی سے پہلے جنوبی پنجاب سے گندم وسطی پنجاب میں 2700 روپے من تک پہنچتی رہی اور شمالی پنجاب بشمول راولپنڈی اسلام آباد2900 روپے فی چالیس کلو گرام تک آ گئی تھی ۔

30جون کو راولپنڈی اسلام آباد کی مارکیٹ میں500 روپے فی چالیس کلو گرام اضافے کے ساتھ گندم 3400 روپے فی 40 کلو گرام بھی دستیاب نہیں ہے۔اسی طرح گجرات ڈویژن‘ گوجرانوالہ ڈویژن‘ لاہور ڈویژن میں گندم 800 روپے اضافے کے ساتھ 3500 روپے تک ہو گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن