لاہور(خصوصی نامہ نگار)ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے سیکرٹری/چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب کا چارج سنبھال لیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمانہ تعمیر و ترقی، ریونیو میں اضافہ، ملازمین کی فلاح و بہبو د، بین المسالک ہم آہنگی اور روادارانہ فلاحی معاشرے کی تشکیل کیلئے محکمانہ مینڈیٹ کے مطابق کام کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ دریں اثناء ایوانِ اوقاف لاہور سے اتحاد بین المسلمین ’’ امن وفود‘‘ کی روانگی کے موقع پر، سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ محرم الحرام میں قیام امن کیلئے دینی طبقات مستعد ہیں۔امن وفود کے یہ اجلاس اور اجتماعات محرم الحرام کے دوران قیام امن میں سنگِ میل ثابت ہونگے۔ محراب و منبر قومی یکجہتی اور دفاعِ وطن کے تقاضوں سے آگاہ ہیں۔ وطن دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم خاک میں مل جائیں گے۔بین المسالک ہم آہنگی، رواداری، انسان دوستی، اخوت وبھائی چارہ اور برداشت وقت کا اہم تقاضا ہے۔ محرم الحرام میں قیام امن کو مستحکم رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔