لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاہے کہ گولیوں کی بوچھاڑ کے سامنے سینہ سپر جوانوں کی ہمت اور بہادری ہی محکمہ پولیس کی اصل طاقت ہے۔ وردی کا حق خون سے ادا کرنے والے جوانوں کی شجاعت اور بہادری کے تہہ دل سے معترف ہیں، غازی جوانوں کی حوصلہ افزائی اور جلد از جلد بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔ فرض کی راہ میں جان کی بازی لگانے والے تمام جوانوں کے نام سنٹرل پولیس آفس میں غازی وال پر درج کئے گئے ہیں، خصوصی غازی میڈلز سے نوازنے کیساتھ ساتھ انہیں غازی پیکچ کی مراعات بھی دی جارہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غازی افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں سجائی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بہاولپور ریجن کے 18 کانسٹیبلز کو آئی جی پی غازی میڈلز سے نوازا۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کی، پولیس ملازمین کی پیش کردہ درخواستیں سن کر مسائل کے فوری ازالے بارے احکامات جاری کئے۔
گولیوں کے سامنے سینہ سپر جوانوں کی بہادری ہی محکمہ کی اصل طاقت :آئی جی پنجاب
Jul 04, 2024