سرگودھا (نمائندہ خصوصی) تیز رفتار کیری ڈبہ بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والے ڈالہ سے ٹکرانے سے ایک ہی فیملی کی دو بہنوں سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ بچوں اور دونوں گاڑیوں کے ڈرائیورز سمیت 13 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ 3 مزید زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثہ میں کیری ڈبہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا ریجن کے علاقہ منکیرہ سے جھنگ بھکر روڈ پر موضع ناصر آباد کے قریب میانوالی سے حیدرآباد تھل جانے والی فیملی کا تیز رفتار کیری ڈبہ ٹائر پھٹ جانے سے بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والے شہہ زور ڈالہ سے جا ٹکرانے کے نتیجہ میں سابق امیدوار وائس چیرمین یونین کونسل ڈب تحصیل پپلاں چک 18 ایم ایل کے رانا عمران شفیق کی والدہ، ماموں فقیر حسین اور چچی وغیرہ چار افراد موقع پر جاں بحق اور ایک زخمی ہسپتال میں دم توڑ گیا جبکہ بچوں سمیت 13 افراد رانا عمران شفیق، ان کے بھائی رانا عدنان شفیق ڈرائیور اور شہ زور ڈالا کا ڈرائیور محمد رفیق وغیرہ شدید زخمی ہو گئے۔ جن کو ریسکیو کر کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔