برطانیہ میں پانچ پانچ سال حکومت کون کرے گا، الیکشن آج

لندن (نیٹ نیوز) برطانیہ میں  آج عام انتخابات منعقد ہوں گے، برطانوی عام انتخابات میں تقریباً 5 کروڑ  ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ پارلیمنٹ کی 650 نشتوں کیلیے ساڑھے چار ہزار سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ 650 نشستوں میں سے 533  انگلینڈ، 59 سکاٹ لینڈ، 40  ویلز اور 18 نشستیں شمالی آئرلینڈ کی ہیں۔ انتخابات میں ملک بھر میں ووٹنگ کیلئے 40 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، پولنگ مقامی وقت کے مطابق آج صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی جبکہ انتخابات کے نتائج کا اعلان 5کل  جولائی کو کیا جائے گا۔ انتخابات کے بعد حکومت بنانے کیلئے کسی بھی سیاسی جماعت یا جماعتوں کو کم از کم  326 نشستیں درکار  ہوں گی۔ الیکشن کے بعد 9 جولائی کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں نو منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے اور سپیکر کا انتخاب ہوگا۔ انتخابات  سے قبل ایک حالیہ سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مسئلہ فلسطین پر مؤقف کی وجہ سے پاکستانی نژاد افراد کی اکثریت لیبر پارٹی سے دور ہوگئی۔ پاکستانی ووٹرز کا ایک بڑا حصہ لیبر پارٹی کی بجائے گرین پارٹی کی طرف زیادہ جھکاؤ رکھتا ہے تاہم دیگر اقلیتوں میں 53 فیصد لیبر پارٹی کو ووٹ دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ برطانیہ میں بسنے والے پاکستانی اور بنگلا دیشی خاندانوں کی اکثریت مسلمان ہے اور غزہ کے تنازع پر کیئر سٹارمر کے مؤقف کی وجہ سے گرینز کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے۔ ان دونوں کمیونٹیز کے 41 فیصد ووٹرز نے غزہ کے تنازع کو اپنے ووٹ کا فیصلہ کرنے کا ایک اہم عنصر قرار دیا۔

ای پیپر دی نیشن