لاہور؍اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+خبر نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کا دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب عوام کو ریلیف نہیں مل جاتا ، جماعت اسلامی اور عوام کے درمیان اعتماد کا مضبوط رشتہ قائم ہو چکا ہے۔ اب دھرنے میں فیصلے ہونگے یہ عوامی ریلیف کا مسئلہ ہے، شرکاء دھرنا کی رجسٹریشن کے لئے کیمپ لگائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت میاں اسلم ، ڈاکٹرطارق سلیم، نصر اللہ رندھاوا بھی موجود تھے۔ امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ ملک کی صورتحال اچھی نہیں ہے، بدامنی ہے بد انتظامی ہے، معیشت زبوں حالی کا شکار ہے، عام لوگ غریب مڈل کلاس کے لیے کچھ نہیں ہے۔ تنخواہ دار طبقہ مزدور کسان کہاں جائیں۔ ہر گزرتے دن عوامی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک میں تعلیم بھی برائے فروخت بنا دی گئی ہے۔ ہر دن آئی ایم ایف کا ڈو مور کا مطالبہ غلام نہ صرف تسلیم کر رہے ہیں بلکہ قوم کو بتاتے ہیں پروگرام میں جانے کی خوش خبری مل گئی ہے۔ وزیر اعظم، وزیر خزانہ بتائیں جاگیرداروں پر ٹیکس کیوں نہ لگایا، عام لوگوں کو سمیں بند کر کے افراتفری کا ماحول پیدا کر رہے ہیں۔ اس طرح محاصل کا تیس فیصد بھی ٹارگٹ حاصل نہیں کر پائیں گے۔ سوشل میڈیا کو کوئی کنٹرول نہیں کر سکتا۔ ترکی، پاکستان، ایران، ملائیشیا، انڈونیشیا، الجزائر اور قطر مل کر فلسطینیوں کی عملی مدد کریں۔ اہل غزہ کو مالی، انسانی اور عسکری امداد کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار حافظ نعیم الرحمن نے اسلام آباد میں ترک سفیر مہمت پچاجی سے ملاقات کے دوران کیا۔ مہمت پچاجی نے کہا کہ دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلمان ممالک کو خود کو اقتصادی لحاظ سے مضبوط اور سیاسی لحاظ سے مستحکم بنانا ہو گا۔
اسلام آباد دھرنا عوام کو ریلیف ملنے تک جاری رہے گا: حافظ نعیم
Jul 04, 2024