قلعہ دیدار سنگھ(نمائندہ خصوصی)بھاری بلوں کے باوجود گیس کی سولہ سے اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ کی وجہ سے خواتین کھانے پکانے سے قاصر تندور مالکان نے روٹی کی مزدوری سات روپے کر دی،شہری سراپا احتجاج۔تفصیلات کے مطابق شدید گرمی کے باوجود قلعہ دیدار سنگھ، لدھیوالہ وڑائچ، کوٹ اسحاق اور گردونواح میں سولہ سے اٹھارہ گھنٹے گیس کی لوڈ شیڈنگ سے شہری پریشان ہو کر رہ گئے خواتین گھروں میں کھانا پکانے سے قاصر ہو گئیں ہیں اس حوالے سے خواتین کا کہنا ہے کے جو چار سے چھ گھنٹے گیس ملتی ہے اس کا پریشر اتنا کم ہوتا ہے کے کھانا پکانا ناممکن ہو گیا ہے جبکہ گیس کے بلوں میں ہوشربا اضافہ کرکے بھاری بلوں کے باوجود کھانا بنانے کے لئے گیس ہی میسر نہیں ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کے ہم اپنے بچوں کا پیٹ کاٹ کر بھاری بھر کم بل جمع کروا رہے ہیں اور مہنگائی اتنی زیادہ ہے کے بازار سے تین وقت کا کھانا لانا ممکن نہیں ہے دوسری جانب تندور مالکان نے گیس کی لوڈ شیڈنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے روٹی کی مزدوری میں تین روپے کا اضافہ کر کے روٹی لگانے کی مزدوری سات روپے کر دی ہے۔شہریوں نے جی ایم سوئی گیس سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
قلعہ دیدار سنگھ:تندور مالکان نے روٹی پکوائی کی مزدوری 7روپے کر دی
Jul 04, 2024