محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے جلوسوں کیلئے ایس او پیز بھی جاری کر دیئے

 محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے جلوسوں کیلئے ایس او پیز بھی جاری کر دیئے،امن وامان کیلئے خطرہ بننے والوں کی ضلع بندی کیلئے فہرستیں طلب کر لی گئیں،ڈپٹی کمشنرز کو 24 گھنٹوں میں سفارشات بھجوانے کی ہدایت کر دی گئیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کیلئے جاری کئے گئے ایس او پیز میں کہا گیا ہے کہ صرف منظور شدہ روٹس پر جلوس کی اجازت ہوگی، شرکاءصرف مختص کردہ راستے سے مکمل چیکنگ کے بعد جلوس میں شامل ہوں، جلوس کے راستوں پر ضرورت کے مطابق جیمرز نصب کئے جائیں گے، جلوس کے راستے میں کسی سویلین کو کوئی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہیڈ سے ٹیل تک سکیورٹی کوور دیا جائے گا، ہر جلوس کے روٹ کو سکیورٹی ادارے، انتظامیہ اور امن کمیٹی پیشگی کلیئر کرے، جلوس کے راستوں میں لائیو کوریج کیلئے سرویلنس کیمرے نصب کئے جائیں۔تمام جلوسوں میں وقت کی پابندی لازم ہوگی اور جلوس کا اختتام مغرب سے پیشتر کیا جائے گا۔ترجمان محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ جلوس کے راستوں پر کوئی شہری چھت پر نہ آئے اور مالک مکانوں سے کرایہ داروں بارے سرٹیفکیٹ لیا جائے۔شبیہ ذوالجناح اور تعزیوں کی محفوظ واپسی تک سکیورٹی کوور موجود رہے گا۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں حساس مقامات کی کڑی نگرانی کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔دریں اثناءمحکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن وامان کے قیام کے حوالے سے اہم اقدام اٹھا تے ہوئے امن و امان کیلئے خطرہ بننے والوں کی ضلع بندی کیلئے فہرستیں طلب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو 24 گھنٹوں میں سفارشات بھجوانے کی ہدایت کی ہے، جس کے بعد فرقہ واریت کو ہوا دینے والے مقررین کی زبان بندی کے احکامات بھی جاری ہوں گے۔ واضح رہے کہ پنجاب میں محرم الحرام پر امن یقینی بنانے کیلئے سیکیورٹی گائیڈ لائنز جاری کردی گئیں۔ پنجاب بھر میں محرم الحرام کے دوران دفعہ 144 نافذ رہے گی۔امن برقرار رکھنے کیلئے فوج اور رینجرز کے اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ پنجاب کے سیکریٹری داخلہ نورالامین مینگل کی زیرِصدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں ہوگی۔سیکریٹری داخلہ نے اضلاع میں امن کمیٹیوں کو متحرک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھاکہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی

ای پیپر دی نیشن