عمران خان نے بتایا رجیم چینج میں فواد چوہدری کا کردار مشکوک تھا، شیرافضل مروت کا دعویٰ

 پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے مجھے بتایا رجیم چینج آپریشن میں فواد چوہدری کا کردار مشکوک تھا اور وہ قمر باجوہ سے ملے ہوئے تھے، لگتا ہے پی ٹی آئی رہنماؤں کو نشانہ بنانے کا ٹاسک بیرون ملک کچھ صحافیوں کو بھی ملا ہے، عمران خان نے مجھے بلایا ہے اور 15 یا 16 تاریخ تک ان سے ملاقات ہو جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جاوید باجوہ کے ساتھ پیغام رسانی کا کام فواد چوہدری کررہے تھے، ساتھ ہی پارٹی کے مفادات کے خلاف بھی کام بھی کر رہے تھے، اس لیے پارٹی ان کے کردار کو شک کی نگاہ سے دیکھتی ہے، فواد کا یہ کہنا کہ عمران خان کے کہنے پر علیم یا ترین گروپ میں گیا یہ بھی جھوٹ ہے، فواد چوہدری پر فرمائشی کیس بنے اور وہ وی آئی پی جیلوں میں رہے جہاں ان کی سیٹنگ تھی رکن قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ فواد بن بلائے مہمان اور پرائی شادی میں عبداللہ دیوانے کی طرح ہمارے خلاف بول پڑے، فواد چوہدری کے پاس ہم پر تنقید کرنے کی کوئی اخلاقی وجہ نہیں ہے، جب پارٹی کو حوصلے کی ضرورت تھی ان جیسے لوگ بھاگ گئے تھے، لاہور ہائیکورٹ کےسامنے میری گرفتاری ہوئی مگر میں نہیں بھاگا، پی ٹی آئی جہلم نے لکھ کردیا ہے اگر فواد پارٹی میں آئے تو وہ پارٹی چھوڑدیں گے، اس لیے وہ پارٹی میں آتے ہیں تو پھرباقی لوگوں کا کیا قصورہے؟۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ فواد چوہدری آپ نے میرے اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف بیانات دینا شروع کر دیئے، آپ اس وقت ترین کی پارٹی میں شامل ہوئے جب خان کو اپنے وفاداروں کی سخت ضرورت تھی، میں حامد خان کی کتاب میں آپ کے بارے میں حقائق کا حوالہ نہیں دوں گا لیکن یقین سے کہہ سکتا ہوں آپ صرف ایک منادی والا کے عہدے کے قابل تھے، اگر آپ ماضی میں پی ٹی آئی کا حصہ نہ ہوتے تو یقیناً آپ چاہت فتح علی خان کا ہمنوا ہوتے، میں نے ان کے بارے میں بہت کم بات کی تھی لیکن اب میں آپ کے بارے میں اپنا منہ کھولنے کا ارادہ رکھتا ہوں، اب تک میں میڈیا سے دور رہا ہوں لیکن لگتا ہے آپ ٹاک شوز میں میری بحالی کا سبب بنیں گے۔

ای پیپر دی نیشن