فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ :جلیناجانکووچ کو اپ سیٹ شکست‘ سمانتھا سٹوسرفائنل میں پہنچ گئیں

پیرس (سپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا کی سمانتھا سٹوسر نے فور سیڈ جیلینا جانکووچ کو فرنچ اوپن میں شکست دے کر اپنے پہلے گرینڈ سلام فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ برسبین سے تعلق رکھنے والی 26 سالہ سٹوسر گزشتہ روز کھیلے گئے سیمی فائنل میں ایک گھنٹے کے اندر جانکووچ کو 6-1, 6-2 سے کورٹ بدر کر دیا۔ سٹوسر کا کل فرانسیسکا شیاوون سے ٹائٹل مقابلہ ہو گا جو دوسرے سیمی فائنل میں ایلینا ڈیمنٹیوا کے پہلے سیٹ کے بعد ریٹائر ہونے کے باعث گرینڈ سلام فائنل میں پہنچنے والی پہلی اطالوی کھلاڑی بن گئیں ۔سابق عالمی نمبر ایک اور تین مرتبہ فرنچ اوپن سیمی فائنلسٹ جانکووچ نے ولیمز سسٹرز کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ سٹوسر نے دو مرتبہ جانکووچ کی سروس بریک کرتے ہوئے 24 منٹ میں پہلا سیٹ اپنے نام کیا۔ دوسرے سیٹ کے آغاز میں جانکووچ نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو صفر سے برتری حاصل کر لی لیکن اگلے ہی گیم میں وہ ردھم کھو بیٹھیں اور چوتھے گیم میں 4 بریک پوائنٹس ضائع کر دئے اور سٹوسر نے 4-2 سے برتری حاصل کر لی۔ سٹوسر کو ڈبل بریک حاصل کرنے کے تین مواقع ملے جس میں وہ بالآخر کامیاب ہو گئیں۔ سٹوسر 1980ءکے بعد گرینڈ سلام فائنل میں پہنچنے والی پہلی آسٹریلوی خاتون کھلاڑی ہیں اس سے قبل یہ اعزاز 1980ءمیں ونڈی ٹرن بل نے آسٹریلین اوپن فائنل میں پہنچ کر حاصل کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن