پاکستان کیلئے اہم ”پیغام“ : یورپی یونین اور امریکہ دہشت گردی کیخلاف مشترکہ حکمت عملی پر متفق

لکسمبرگ (اے ایف پی + این این آئی) یورپی یونین اور امریکہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا ہے اور یہ یورپ پاکستان سربراہ کانفرنس کے موقع پر پاکستان کے لئے اہم پیغام ہے۔ سپین کے وزیر داخلہ الفریڈو ردبلیکبا نے کہا کہ یہ مجموعی طور پر پوری دنیا کے مسلمانوں کو بھی پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی اقدار کا ہر قیمت پر دفاع کرینگے۔ تاہم ہم صبر و تحمل کا مظاہرہ کرینگے۔ پاکستان اور یورپی یو نین کا اہم سربراہ اجلاس آج بےلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں ہو رہا ہے جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کریں گے وہ حکومت پاکستان کی تیار کردہ رپورٹ اس سربراہ اجلاس میں پیش کریں گے جس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو ہونے والے نقصانات کی تفصیل بتائی جائے گی اور یورپی یونین پر زور دیا جائے گا کہ وہ پاکستان کو اپنی مارکیٹوں تک رسائی دے تاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جاسکے۔ پاکستان کی معاشی حالت بہتر ہو اور خاص طور پر قبائلی علاقوں میں لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں جو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران شدید متاثر ہوئے ہیں انہوں نے بڑی جانی و مالی قربانیاں دی ہیں۔ وزیراعظم یورپی یونین کی قیادت سے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ علاقائی اور عالمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ رپورٹ میں پاکستانیوں کے لئے یورپی ویزے بند کرنے کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا اور بتایا جائے گا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں صرف ٹیکسٹائل کے شعبے میں تین لاکھ افراد روزگار سے محروم ہوئے سکول اور دیگر ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے۔ ملکی اور غیرملکی سطح پر کوئی سرمایہ کاری نہیں ہو رہی اور اس جنگ میں 30 ہزار سے زائد لوگ جانیں دے چکے ہیں۔ ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی جائے گی جس میں گزشتہ نو سالوں کے دوران ہونے والے نقصانات کو واضح کیاجائے گا۔ اس رپورٹ کا عنوان ”دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف ہماری نہیں“ رکھا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن