عطا آباد جھیل : پانی کا اخراج 3 ہزار کیوسک‘ ششکٹ کا امدادی کیمپ زیر آب

Jun 04, 2010

سفیر یاؤ جنگ
ہنزہ (آن لائن) عطا آباد جھیل سے پانی کا اخراج 3 ہزار کیوسک سے بڑھ گیا ہے جبکہ شش کٹ پائن کے امدادی کیمپ میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ جھیل میں پانی کی سطح میں کل سے اب تک ساڑھے 5 فٹ اضافہ ہوچکا ہے جس کے بعد جھیل کی سطح 380 فٹ ہوگئی ہے۔ جھیل کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے گلمت میں چار مزید گھر ڈوب گئے ہیں جب کہ شش کٹ میں بھی دو گھر غرق آب ہوگئے ہیں۔ شش کٹ پائن میں قائم کئے گئے کیمپ میں پندرہ خاندان مقیم تھے تاہم اس کیمپ میں جھیل کا پانی داخل ہوچکا ہے۔ ضلع ہنزہ نگر میں موسم خراب ہے اور وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات درپیش ہیں۔ قومی ادارہ برائے آفات این ڈی ایم اے کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ندیم احمد نے جھیل کا فضائی دورہ کیا‘ انہوں نے کہا کہ سپل وے سے پانی کے اخراج میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ دوسری جانب ہنزہ نگر کے ڈپٹی کمشنر ظفر وقار تاج نے بی بی سی کو بتایا کہ سپل وے سے جھیل کے پانی کی نکاسی کی مقدار معلوم نہیں ہوسکی کیونکہ اب وہاں جانا بہت خطرناک ہے۔ عطا آباد جھیل سے پانی کی نکاسی کے متضاد اعداد و شمار کے سامنے آنے کے بعد این ڈی ایم اے نے جھیل پر لیزر مانیٹرنگ نظام نصب کردیا تھا۔
مزیدخبریں