غیر جانبدار نگران حکومت بنا کر فوج کی نگرانی میں الیکشن کرائے جائیں،عام انتخابات سے پہلے وطن واپس آﺅنگا: مشرف

Jun 04, 2012

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (خبر نگار) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کیلئے غیر جانبدار نگران حکومت بنائی جائے، الیکشن فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں تب ہی ملک میں تبدیلی آئے گی۔ ناکام ہونے والی جماعتوں کو عوام الیکشن میں مسترد کر دیں۔ الیکشن سے پہلے وطن واپس آﺅں گا۔ حکومت کرنا سیکھنے کی ضرورت نہیں۔ حکومت چلانا جانتا ہوں۔ وہ یوحنا آباد میں جلسہ عام سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے۔ بیرسٹر محمد علی سیف، احمد رضا قصوری، حافظ غلام محی الدین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مشرف نے کہا کہ ان کے دور کی نسبت آج قیمتیں 3 سے 4 گنا بڑھ چکی ہیں۔ غریب بھوک سے مر رہے ہیں لوگوں کو معلوم ہے کہ بجٹ جھوٹا ہے اور یہ غریبوں کو پہلے سے بھی زیاددہ غریب کر دے گا۔ دوبارہ اقتدار میں آ کر ملک کا کھویا ہوا وقار واپس دلاﺅں گا۔ انہوں نے کہا اقلیتوں کے لئے ان کے خیالات بھی وہی ہیں جو بانی پاکستان کے تھے۔ کچھ عناصر اسلام کے نام پر دہشت گردی پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خونریزی ہو رہی ہے۔ اسمبلی میں بھی وہی ہو رہا ہے جو سڑکوں پر ہوتا ہے۔ یہی سب پاکستان کی تباہی کا سبب بن رہا ہے۔ لیپ ٹاپ کا بٹوارہ ہو رہا ہے اور بے نظیر سپورٹ پروگرام کے نام پر رقم جیبوں میں ڈالی جا رہی ہے۔ عوام خود اپنی جان حکمرانوں سے چھڑانے کی کوشش کریں۔
مزیدخبریں