چیمپئنز ٹرافی وارم اپ میچ: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر خطرے کی گھنٹی بجا دی

Jun 04, 2013

اوول (آئی این پی) پاکستان نے یک طرفہ مقابلے کے بعد ٹورنامنٹ کی ہاٹ فیورٹ جنوبی افریقہ کو6 وکٹوں سے شکست دے کر دیگر بڑی ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی‘ پروٹیز آل راﺅنڈرمیکلرین اور جے پی ڈومنی کے علاوہ کوئی کھلاڑی پاکستانی باﺅلنگ اٹیک کیخلاف زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکا اور پروٹیز بلے بازوں کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی طرح گرتی رہیں‘ جنوبی افریقہ کی طرف سے میکلرین کے 55اور ڈومنی کے 43 رنز کی بدولت پروٹیز الیون 202 رنز بنانے میں کامیاب ‘ پاکستان کی طرف سے اسد علی اور وہاب ریاض نے 3,3اور جنید خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں ۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 202 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی طرف سے میکلرین کے 55اور ڈومنی کے 43 اور ڈیوڈ ملر 26رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جواب میں پاکستان نے اپنی اننگز کا پر اعتماد آغاز کیا اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کو پہلا نقصان 35 کے مجموعی سکور پر اس وقت اٹھانا پڑا جب ناصر جمشید 13 رنز بنا کر رن آﺅٹ ہو گئے۔ محمد حفیظ نے عمران فرحت کے ساتھ مل کر سکور کو آ گے بڑھایا تاہم 120 کے مجموعی سکو رپر محمد حفیظ 54 رنز ناٹ آﺅٹ کی اننگز کھیلنے کے بعد گراﺅنڈ سے باہر چلے گئے اور ان کی جگہ اسد شفیق نے عمران فرحت کو جوائن کیا۔ پاکستان کو دوسرا نقصان 150کے مجموعی سکو رپر اس وقت اٹھانا پڑا جب اوپنر عمران فرحت 56ٹسوٹسوبے کی گیند پر مورکل کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ ا س کے بعد نوجوان آل راﺅنڈر عمر امین کھیلنے کےلئے آئے۔ پاکستان کو تیسرا نقصان 155 کے سکور پر اٹھانا پرا اور اسد شفیق 17 رنز بنا کر ٹسوٹسوبے کا شکار بنے۔ اس کے بعد کپتان مصباح الحق کھیلنے کےلئے آئے اور عمر امین کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھایا اور ٹیم کو 7 وکٹوں سے فتح یاب کرایا۔ عمر امین 27 اور کپتان مصباح الحق 24 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔کپتان مصباح الحق نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے وارم اپ میچ میں اچھی کارکردگی دکھائی۔ کوئی بھی کھلاڑی ایونٹ کے پہلے میچ میں منتخب ہوسکتا ہے۔ آئندہ بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

مزیدخبریں