ہنگو (نامہ نگار+ ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) ہنگو میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کرکے تحریک انصاف کے ایم پی اے فرید خان اورکزئی کو دوست سمیت قتل انکے بھائی کو شدید زخمی کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ نومنتخب رکن خیبر پی کے اسمبلی فرید خان کسی عزیز کے گھر فوتیدگی پر تعزیت کیلئے گاڑی پر جا رہے تھے کہ محلہ سنگیڑ کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے اندھادھند فائرنگ کر دی جس سے فرید خان اور انکا دوست ایاز جاں بحق، بھائی شاہنواز خان شدید زخمی ہو گیا، جسے ہسپتال داخل کرا دیا گیا، جائے وقوعہ پر موجود لوگوں نے موٹر سائیکل سواروں کو پکڑنے کی کوشش کی مگر حملہ آور موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ مقتول فرید خان کی نماز جنازہ آج صبح 10 بجے ہنگو میں ادا کی جائے گی۔ واضح رہے کہ فرید خان آزاد امیدوار کے طور پر ہنگو کے حلقہ پی ایس 42 سے حالیہ انتخابات میںکامیاب ہوئے۔ فرید خان کرم ایجنسی کے رہائشی اور ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ انہوں نے اپنی انتخابی مہم موٹرسائیکل پر چلائی وہ 1972ءمیں پیدا ہوئے۔ واضح رہے کہ ہنگو فرقہ وارانہ فسادات کے حوالے سے حساس علاقہ رہا ہے اور فرید خان سنی سپریم کونسل کے نائب امیر بھی تھے۔ انہوں نے 11مئی کے انتخابات میں پہلی مرتبہ حصہ لیکر سیاسی میدان میں قدم رکھا اور جے یو آئی ف کے مضبوط امیدوار عتیق الرحمان کو شکست دی۔ فرید خان نے چند روز قبل بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا ریٹرننگ افسر کے پاس جب وہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے گئے تو انکے پاس جیب میں صرف 100روپے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ انکی انتخابی مہم کے زیادہ تر اخراجات بھی انکے دوستوں اور رشتہ داروں نے برداشت کئے۔ دریں اثناءایم پی اے خیبر پی کے فرید خان کے قتل کے بعد ہنگو میں مشتعل افراد نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کی، مشتعل افراد نے 5 دکانوں اور جمعیت علماءاسلام (ف) کے دو دفاتر کے دفتر کو آگ لگا دی۔ جس کے بعد سخت کشیدگی کے پیش نظر اور حالات پر قابو پانے کے لئے شہر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا اور انتظامیہ نے فوج طلب کرلی۔ صدر آصف زرداری نے فرید خان ایم پی اے خیبر پی کے قتل کا نوٹس لے لیا۔ صدر نے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے تحقیقات کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت کر دی۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نوازشریف، پنجاب کے نامزد وزیراعلی شہباز شریف، نگران وزیراعلی نجم سیٹھی، جماعت اسلامی کے رہنماﺅں منور حسن، لیاقت بلوچ، سراج الحق ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے تحریک انصاف کے ایم پی اے کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا فرید خان انتہائی مخلص اور ایماندار انسان تھے۔ خیبرپی کے حکومت ان کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرے انہوں نے وزیراعلی پرویز خٹک کو فون کیا اور فرید خان کے قتل کی شدید مذمت کی۔ وزیراعلی پرویزخٹک نے آئی جی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ ادھر ہنگو پولیس نے رات گئے دعوی کیا کہ اس نے ایم پی اے فرید خان کے قتل میں ملوث شدت پسند کمانڈر مفتی حامد کو گرفتار کرکے واردات میں استعمال ہونے والی کلاشنکوف اور موٹرسائیکل برآمد کر لی۔
فرید خان/ قتل