لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب اسمبلی کے ممبران نے اتفاق کیا ہے کہ توانائی کا بحران حل کرکے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ نوائے وقت کے اس سوال کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے نئی آنے والی حکومت کو کیا ترجیحی قدم اٹھانا چاہئے؟ مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ماجد ظہور نے کہاکہ توانائی کا بحران حل کرکے پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی چودھری امجد علی جاوید، یاسین سوہل، خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ توانائی کا بحران حل ہو جائے تو صنعت کا پہیہ چالو ہو جائے گا، جس سے پاکستان کی معیشت کو سنبھالا ملے گا۔ وہاڑی سے ممبران پنجاب اسمبلی عرفان دولتانہ، بلال اکبر بھٹی، نعیم بھابھا نے کہاکہ نئی حکومت ترجیحی بنیادوں پر توانائی کا بحران حل کرکے خوشحالی کی منزل حاصل کر سکتی ہے۔ شیخوپورہ سے رکن پنجاب اسمبلی عارف خان سندھیلہ، اصغرعلی منڈا اور سجاد حیدر گجر نے کہاکہ نئی حکومت کو توانائی کا بحران حل کرنے کی طرف توجہ مرکوز کرنا ہو گی تاکہ ملک کی تباہ شدہ معیشت اور بے روزگاری سے بے حال افراد کو بحال کیا جا سکے۔ خواتین ممبران پنجاب اسمبلی گلناز شجاعت، مدیحہ رانا، سلمیٰ بٹ نے کہاکہ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے پاکستان کو تباہی کے کنارے پہنچایا ہے اس مسئلے سے نمٹ کر پاکستان اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو سکتا ہے۔ خواتین ممبران اسمبلی صبا صادق، ڈاکٹر فرزانہ نذیر بٹ اور عائشہ جاوید نے کہا کہ سابق حکومت نے کرپشن کو فروغ دیا اور بجلی کی کمی پوری کرنے کے لئے آئی پی پی پیز کو ادائیگی کرنے کی بجائے رینٹل پاور پراجیکٹس کی طرف توجہ مرکوز رکھی۔ انہوں نے کہاکہ نئی حکومت آتے ہی توانائی کا بحران حل کرنے کی راہ اپنائے تو تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔
ممبران پنجاب اسمبلی
”توانائی بحران حل کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے“
”توانائی بحران حل کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے“
Jun 04, 2013