کرم ایجنسی (آئی این پی)کرم ایجنسی کے علاقے خومتہ میں گاڑی سڑک کنارے نصب دھماکہ خیز مواد سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 8افراد جاں بحق جبکہ متعددزخمی ہو گئے،زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا،زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، منگل کو پولیس کے مطابق کرم ایجنسی سے پارا چنار جاتے ہوئے گاڑی خومتہ کے علاقے میں سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید 5 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے تاہم تینوں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔سکیورٹی فورسز نے دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر چھاپہ مار کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔ صدر، وزیراعظم، عمران خان اور دیگر نے بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔