اوکاڑہ: بھارت سے تجارت کیخلاف سینکڑوں کسانوں کا دھرنا 12 گھنٹے بعد ختم‘ ہزاروں افراد گاڑیوں‘ ٹرینوں میں پھنسے رہے‘ 2 جاں بحق

اوکاڑہ (نامہ نگار) کسان اتحاد کے زیراہتمام سینکڑوں کسانوں نے جی ٹی روڈ پر 12 گھنٹے دھرنا دئیے رکھا، عوامی ایکسپریس ٹرین روک لی، دھرنے کے دوران ٹرین میں پھنسا ایک مسافر اور گاڑی میں ایک بچہ شدید گرمی سے دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز آل پاکستان کسان اتحاد نے جی ٹی روڈ پر کنونشن کا اہتمام کر رکھا تھا جس میں ملک بھر سے بیس ہزار کے لگ بھگ کسان شریک تھے۔ کنونشن جیسے ہی ختم ہونے کا وقت آیا اچانک چیئرمین کسان اتحاد چودھری انور نے اعلان کردیا کے تمام کسان احتجاج کے طور پر جی ٹی روڈپر دھرنا دیں گے۔ انکے اعلان ہوتے ہی ہزاروں کسانوں نے اوکاڑہ بائی پاس کے قریب مین جی ٹی روڈ پر دھرنا دیتے ہوئے اسکو ٹریفک کیلئے مکمل بلاک کردیا اور ریلوے ٹریک پر عوام ایکسپریس کو بھی روک لیا۔ اس دوران لاہور اور کراچی سے آنے اور جانیوالی متعدد ٹرینوں کو مختلف قریبی سٹیشنوں پر روک لیا گیا، دھرنے اور احتجاج کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او اوکاڑہ بابر بخت قریشی اور ڈی سی او سردار سیف اللہ ڈوگر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے تاہم کسانوں نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا۔ اس دوران کسانوں نے حکومت کیخلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر بھارت سے درآمد، برآمد بند کرنے کا اعلان کرے، آئندہ بجٹ میں کسانوں کو ریلیف دیا جائے بجلی اور دیگر زرعی استمال کے آلات پر سبسڈی دی جائے، مسلسل کئی گھنٹوں سے جی ٹی روڈ اور ریلوے ٹریک کی بندش سے مسافروں کو سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑا کسانوں کے احتجاج ختم نہ کرنے کے اعلان پر ضلعی انتظامی افسروں نے صوبائی وزیر قانون رانا ثنا ء اللہ اور وزیر آبپاشی میاں یاور کو تمام حالات سے آگاہ کیا جنہوں نے کسان اتحاد کے رہنمائوں سے ٹیلیفونک مذاکرات کرتے ہوئے انہیں مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کروائی، 12 گھنٹوں کے بعد کسانوں نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ جی ٹی روڈ اور ریلوے ٹریک کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ واضح رہے کہ مرکزی کسان اتحاد کا احتجاج اور دھرنا بچے سمیت دو افراد کی جان لے گیا جبکہ روڈ بلاک میں پھنسے  درجنوں افراد  گرمی کی شدت سے بیہوش بھی ہوگئے۔ جی ٹی روڈ پر ایک بس میں موجود کمسن بچہ دودھ نہ ملنے کے باعث بلک بلک کر ماں کی گود میں ہی دم توڑ گیا جبکہ ریلوے ٹریک پر زبردستی روکی گئی عوام ایکسپریس ٹرین میں موجود کراچی جانیوالا ایک 55 سالہ مسافر بھی گرمی کی شدت سے نڈھال ہو کر دم توڑ گیا۔ پولیس ذرائع نے دونوں ہلاکتوں اور پانی کی عدم دستیابی کے باعث درجنوں افراد کے بیہوش ہونے کی بھی تصدیق کردی۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...