’’توہین آمیز پروگرام‘‘ : میر شکیل الرحمان شائستہ لودھی، وینا ملک اور اسد بشیر کیخلاف بوریوالہ پاکپتن، عارفوالا اور میانوالی میں مقدمات درج

Jun 04, 2014

لاہور (نمائندگان) جیو ٹی وی پر توہین آمیز پروگرام پیش کرنے کے الزام میں جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان، اینکر شائستہ لودھی، اداکارہ وینا ملک اور اسکے شوہر اسد بشیر خٹک کیخلاف مزید 3مقدمات درج کر لئے گئے۔ بورے والا سے نامہ نگار کے مطابقایڈیشنل سیشن جج بورے والا نے تھانہ صدر پولیس کو میر شکیل، شائستہ لودھی، وینا ملک اور اسکے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وحدت المسلمین کے ضلعی رہنما 461ای بی کے رہائشی علی عابد چودھری نے ایڈیشنل سیشن جج بورے والا ارشد علی کی عدالت میں جیو نیوز کے خلاف رٹ پٹیشن دائر کرتے ہوئے مئوقف اختیار کیا تھا کہ جیو ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں پیش گستاخانہ مواد تھا۔ عارفوالا سے نامہ نگار کے مطابق تھانہ سٹی پولیس نے مقامی شہری محمد عباس کی جانب سے دائر کی گئی رٹ پر ایڈیشنل سیشن جج عارف والا سید اویس اشرف گیلانی کے حکم پر تھانہ سٹی پولیس نے میرشکیل الرحمن، شائستہ لودھی سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پاکپتن احمد نواز رانجھا کی عدالت میں انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی کے صدر میاں محمد اشرف کی درخواست پر جیو ٹی وی چینل کے پروگرام میں گستاخی کے الزام میں جیو گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان، ڈاکٹر شائستہ لودھی، وینا ملک اور اس کے خاوند اسد خٹک کے خلاف تھانہ فرید نگر کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا جس پر پولیس تھانہ فرید نگر نے جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان، ڈاکٹر شائستہ لودھی، وینا ملک اور اس کے خاوند اسد خٹک کے خلاف تھانہ فرید نگر میں ایف آئی آر نمبر 169/14درج کر لی۔ علاوہ ازیں میانوالی سے نامہ نگار کے مطابق جیو ٹی وی پر توہین آمیز پروگرام نشر کرنے پر مقامی رہنماء حاجی فلک شیر عوامی کی درخواست پر پولیس نے جیو ٹی وی کے مالک، اینکر پرسن ڈاکٹر شائستہ لودھی، اداکارہ وینا ملک، اسکے شوہر اسد بشیر اور چیئرمین پیمرا اسلام آباد کیخلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔

مزیدخبریں