زرداری ملک کی سب سے بڑی بیماری ہے : خیبر پی کے میں جو بلدیاتی حلقہ کہیں گے کھول دونگا : عمران

Jun 04, 2015

چلاس + لاہور (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی رپورٹر) عمران خان نے کہا ہے کہ خیبر پی کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگائے گئے، تمام سیاسی جماعتوں کو چیلنج ہے کہ جو حلقہ کہیں کھول دوں گا، کہیں گے تو دوبارہ الیکشن بھی کرانے کےلئے تیار ہوں، میں نے دھاندلی نہیں کی، اس لئے مجھے کوئی خوف نہیں، 2015ءانتخابات کا سال ہے۔ مسلم لیگ ن والے گلگت بلتستان والوں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کریں گے، پیسے ضرور لینا مگر ووٹ بلے کو دینا۔ میں نے نواز شریف سے چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا، نواز شریف نے حلقے نہیں کھولے، جس کی وجہ سے دھرنا دیا، جوڈیشل کمشن میں جلد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونے والا ہے، 2015ءانتخابات کا سال ہے۔ ملک میں ہر ظالم کا مقابلہ کر کے دکھاﺅں گا۔ آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کو تباہ کر دیا، کہاں ذوالفقار علی بھٹو اور کہاں آصف زرداری، ایک جمہوریت اور غریبوں کےلئے لڑنے والا تھا تو دوسرا غریبوں سے سب کچھ چھیننے والا ہے۔ مسلم لیگ ن اور پی پی مک مکا کے تحت ملک پر حکمرانی کر رہے ہیں۔ عمران نے کہا کہ خیبر پی کے کے بلدیاتی انتخابات میں تمام چوروں اور لٹیروں نے پی ٹی آئی کو شکست دینے کے لئے اتحاد بنایا مگر انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ قومی لیڈر بننے کی خواہش رکھنے والے سیاستدان بزدل ہیں اسی لئے گلگت بلتستان میں جاری انتخابی مہم میں شرکت کرنے سے خوف کھاتے ہیں۔ علاوہ ازیں عمران نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط میں میانمار میں روہنگیا کے مسلمانوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بان کی بان اور عالمی برادری کی خاموشی شرمناک ہے۔ اقوام متحدہ میانمار میں مسلمانوں پر ظلم و ستم اور ان کی نسل کشی روکنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ بانکی مون فوری طور پر روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار کا نوٹس لیں۔

عمران

مزیدخبریں