اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیرہائوسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے الیکشن کمشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق کیس میں تحریری جواب جمع کروا دیا، الیکشن کمشن نے عدم شواہد کی بنا پر سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف درخواست خارج کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اکرم خان درانی نے تحریری جواب میں موقف اختیار کیا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران دستار بندی کی تقریب میں شرکت ضرور کی لیکن اس کا مقصد انتخابی مہم نہیں بلکہ امیدوار کی کامیابی کیلئے دعا اور قرآن خوانی تھا۔ انتخابات کے شیڈول کے اعلان سے دو یا تین ماہ قبل تقریب کی تاریخ طے کی گئی۔ کمشن نے کیس کی سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی۔ الیکشن کمشن نے سپیکر خیبر پی کے اسمبلی اسد قیصر کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق اے این پی کے رہنما محمد اسماعیل کی درخواست شواہد ناکافی ہونے کے باعث خارج کر دی۔
’’ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی‘‘ اکرم درانی نے الیکشن کمشن میں جواب جمع کرا دیا‘سپیکر اسد قیصر کیخلاف درخواست خارج
Jun 04, 2015