اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین نیب قمر زمان چودھری سے چین کے سفیر سن ویڈانگ نے بدھ کو نیب ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ چینی منسٹر فار سپرویژن کے مجوزہ دورہ پاکستان میںانسداد بدعنوانی کے حوالے سے دونوں ملکوں نے ایکدوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ چینی صدر شی چن پنگ انسداد بدعنوانی کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں‘ اس مہم کے تحت بااختیار لیڈروں اور جونیئر افسروں سمیت سب کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جارہی ہے۔ پاکستان میں مختلف منصوبوں کیلئے چینی سرمایہ کاری حوصلہ افزاء ہے‘ پاک چین اقتصادی راہداری سے یہ تعلقات مذید مستحکم ہوں گے، کرپشن کے خاتمے کے معاملے پر بھی دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت ہے کیونکہ ترقیاتی منصوبوں کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچے گا۔ چینی وزیر کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان وائٹ کالر کرائم، منی لانڈرنگ اور دوسرے دو طرفہ دلچسپی کے امور سے متعلق معلومات کی فراہمی کیلئے اقدامات کی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے جائیں گے۔ چین کے سفیر سن ویڈانگ نے پاکستان سے کرپشن کے خاتمے کیلئے قومی احتساب بیورو کی کوششوں کو سراہا اور چیئرمین نیب کے دورہ چین کو مثبت قرار دیا۔