مبینہ دھاندلیاں: فافن کا دعویٰ جھوٹا، گمراہ کن، حقائق کے منافی ہے، ایاز صادق

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے الیکشن کمشن کی پولنگ سکیم اور فارم 16 میں دیئے گئے ووٹوں کا ریکارڈ جوڈیشل انکوائری کمشن کو بھیج دیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کمشن کے نام اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ فافن کا دعویٰ جھوٹا، گمراہ کن اور حقائق کے منافی ہے۔ مدثر رضوی نے این اے 122 کا حوالہ دیا ہے کہ رجسٹرڈ ووٹوں سے زیادہ ووٹ پڑے۔ میں نے ٹیلی فون پر مدثر رضوی سے بات کی تھی، انہوں نے تسلیم کیا کہ ان سے غلطی ہوئی ہے اور اعداد و شمار واپس لے لئے ہیں۔ فافن کی غلطی نے میری ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ فافن کی اس رپورٹ نے پورے الیکشن کو بھی دائو پر لگا دیا ہے۔ مخالفین کو الیکشن رٹ دائر کرنے کا موقع بھی فراہم کیا۔ مدثر رضوی کو فون متاثر فریق کے طور پر کیا تھا۔ اس وقت میں نے بطور رکن قومی اسمبلی حلف نہیں لیا تھا۔ فافن نے اپنی رپورٹ کو اپنی ویب سائٹ پر سے بھی ہٹا دیا ہے۔ حلقہ این اے 122 میں دھاندلیوں کے حوالے سے فافن کے الزامات بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ پولنگ سٹیشنز نمبر 83 اور 216 میں مدمقابل عمران خان نے مجھ سے زیادہ ووٹ حاصل کئے، فافن کی رپورٹ میں غلطی سے میری ذاتی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔ میرے مخالف کو انتخابی عمل عدالت میں چیلنج کرنے کی سہولت فراہم ہوئی۔ فافن کے سربراہ نے جوڈیشل کمیشن کو بھی گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ امید ہے جوڈیشل کمیشن اس سلسلے میں مناسب کارروائی کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن