لاہور (نمائندگان) گھریلو جھگڑوں اور غربت سے تنگ 4 بچوں کے باپ نے پٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگالی۔ نارنگ منڈی کے سرحدی گائوں میرووال کا وارث غربت اور تنگدستی کے باعث بہت پریشان تھا جس پر اس نے گزشتہ روز پٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگالی اور زندہ جل گیا جبکہ واقعہ کے بعد اسکی بیوہ حواس کھو بیٹھی۔ دوسری طرف فیصل آباد میں شوہر نے اہلیہ کو قتل کرکے خودکش کرلی۔ کھرڑیانوالہ کے علاقے 194ر۔ب لاٹھیانوالہ کے محمد انیس کا اپنی اہلیہ سدرہ سے میکے جانے پر جھگڑا ہوا جس پر دلبرداشتہ انیس نے گلہ دبا کر اہلیہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور خود گلے میں پھندا ڈال کر پنکھے سے جھول گیا۔ میانوالی کے علاقہ وانڈھی گھنڈوالی کے سکونتی پرویز سندھی کے 16 سالہ بیٹے عامر نے والد سے جھگڑے پر نہر میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ کسووال کے نواحی گائوں 9/14-L کی مافیہ بی بی گھریلو ناچاقی سے تنگ آکر پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔