نئی دہلی (بی بی سی) امریکہ میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم ’سینٹر فار انکوائری‘ کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیشی ملعونہ مصنفہ اور انسانی حقوق کی کارکن تسلیمہ نسرین قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد بھارت سے امریکہ منتقل ہو گئی ہیں۔ تنظیم کے مطابق تسلیمہ نسرین کا نام القاعدہ کے نشانے پر موجود افراد کی فہرست میں شامل ہے۔ تنظیم کا مزید کہنا ہے کہ تسلیمہ نسرین کو انہی لوگوں نے بالخصوص طور پر فوری نشانہ ظاہر کیا ہے جنہوں نے اس سال بنگلہ دیش میں تین دیگر بلاگروں کو قتل کر دیا تھا۔ ادھر مصنفہ نے خود حال ہی میں ٹویٹ کیا تھا کہ وہ بھارت میں محفوظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا تھا ’بنگلہ دیش میں لادین بلاگروں کو مارنے والے اسلام پسندوں سے دھمکیاں ملی ہیں۔ پریشان ہوں۔‘ اس کے علاوہ انہوں نے کہا تھا کہ ’بھارتی حکومت سے ملنا چاہتی تھی لیکن ملاقات کا وقت نہیں ملا۔ چلی گئی۔ جب محفوظ محسوس کروں گی تو لوٹ آؤں گی۔‘