اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) ترقیاتی بجٹ کا مجموعی طور پر حجم 1675 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے جس میں سے 800 ارب روپے وفاق کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ سڑکوں اور پلوں کیلئے 188 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ ٹرانسپورٹ اور مواصلات کیلئے 260 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ شاہراہوں کی تعمیر کیلئے 188 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال میں وزارت داخلہ کیلئے 11 ارب 55 کروڑ 41 لاکھ روپے ‘پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کی سکیورٹی کیلئے ایک ارب 30 کروڑ روپے مختص کر دئیے۔ ریلوے کے منصوبوں کیلئے 78 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں نئی بوگیوں کیلئے 14 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ تعمیراتی شعبے کی ترقی کا ہدف 13.2 فیصد رکھا گیا ہے۔ ملتان کے کینسر ٹریٹمنٹ سنٹر کی توسیع کیلئے 10 کروڑ روپے رقم مختص کی گئی ہے سی پیک منصوبے کے تحت گوادر میں صاف صانی کی فراہمی کیلئے 50 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ کراچی واٹر سپلائی سکیم 4 کیلئے ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ شہید بے نظیر بھٹو مدر چائلڈ کیئر سنٹر نواب شاہ کیلئے 7 کروڑ 31 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ لیاری ایکسپریس وے بحالی منصوبے کیلئے 3 کروڑ 53 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ خیبر انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ چلڈرن ہسپتال کیلئے 4 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ملتان سکھر موٹروے کیلئے 22 ارب 87 کروڑ رکھنے کی تجویز ہے جبکہ لاہور سے خانیوال موٹروے کیلئے 34 ارب روپے رکھے جائیں گے۔ آئندہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے بجٹ میں 227 ارب کے منصوبے شامل کئے گئے ہیں جن کی لاگت 762 ارب روپے ہے۔ پچیس ارب روپے کی لاگت سے ایک نیا سپیشل گیس فنڈ بنایا جا رہا ہے۔ یہ فنڈ دور دراز علاقوں میں گیس پائپ لائن بچھانے کے کام آئیگا۔ صوبوں نے ای پی آئی پروگرام چلانے سے انکار کردیا، یہ پروگرام اب وفاق چلائے گا، ادائیگی صوبے کریں گے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت اقتصادی راہداری منصوبہ بروقت مکمل کرنے کیلئے ترجیحی کوششیں کر رہی ہے گوادر کیلئے آئندہ برس 68 ارب روپے کے 13 منصوبے رکھے گئے ہیں۔ ان منصوبوں کیلئے 9 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اقتصادی راہداری میں سکیورٹی اقدامات کیلئے ایک فیصد اخراجات رکھے گئے ہیں۔ اقتصادی راہداری میں ریلوے کیلئے 3 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ بجٹ میں 886 ترقیاتی منصوبوں کیلئے رقم مختص کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں سیالکوٹ سے لاہور موٹر وے کیلئے 10 ارب مختص کردیئے گئے۔آن لائن کے مطابق بجٹ میں اقتصادی راہداری منصوبے کی مغربی روٹ کی تعمیر کیلئے 31 ارب 71 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق حکومت نے اقتصادی راہداری منصوبے میں شامل مغربی روٹ ڈیرہ اسماعیل خان سے اسلام آباد تک کی تعمیر کیلئے 31 ارب71 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ رواں مالی سال میں مغربی روٹ کی تعمیر کے علاوہ مختلف منصوبے بھی مکمل کئے جائیں گے۔
1675 ارب روپے کا مجموعی ترقیاتی بجٹ‘ اقتصادی راہداری منصوبے کی سکیورٹی کیلئے ایک ارب 30 کروڑ مختص
Jun 04, 2016