اسلام آباد+ لاہور (ایجنسیاں+ خبر نگار) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بجٹ 2016-17ء حقیقی معنوں میں عوام اور کاشتکار دوست بجٹ ہے جس میں زراعت، برآمدات صنعت و پیداوار اور تعلیم و صحت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ موجودہ دور حکومت میں مہنگائی کم ترین سطح پر آئی ہے اور اس کی گزشتہ 20 سالوں میں مثال نہیں ملتی۔ ٹیکس صرف مالداروں پر لگائے گئے ہیں بجٹ میں عوام کو بھرپور ریلیف ملے گا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ بجٹ میں ٹیکسٹائل اور زراعت پر زور دیا گیا ہے جس سے عوام کو فائدہ پہنچے گا اور روزگار ملے گا اپوزیشن کو کبھی کوئی بجٹ پسند نہیں آتا۔ صوبائی وزراء و ارکان پنجاب اسمبلی نے وفاقی بجٹ 2016-17ء کو متوازن اور کسان دوست قرار دیا ہے۔ رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے زرعی شعبے کو وفاقی بجٹ 2016-17ء میں مثالی مراعات اور ریلیف دے کر کاشتکاروں کے دل جیت لئے۔ ملک ندیم کامران نے کہا کہ عوام دوست بجٹ پیش کرنا مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا کارنامہ ہے۔ خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے منسلک افراد کو ریلیف ملے گا۔ زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ عوام دوست ہے اور ہمارا ہدف ترقی ہے۔ بلال یٰسین نے کہا ہے کہ زرعی مداخل اور بجلی کے نرخ میں کمی کا فائدہ حقیقی معنوں میں کسان کو حاصل ہو گا جس سے نہ صرف کاشتکار خوشحال ہو گا بلکہ زرعی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہو گی۔ رانا محمد ارشد نے کہا کہ غریب پرور بجٹ سے نہ صرف عوام کو ریلیف حاصل ہو گا بلکہ معاشی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ آصف سعید منہیس نے کہا ہے کہ بجٹ میں محروم معیشت طبقات کے مفادات کا خیال رکھتے ہوئے انہیں معاشی بوجھ سے بچایا گیا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بجٹ ہر طرح سے متوازن اور عوام دوست ہے۔ نادیہ نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں غریب عوام کے مفادات کا تحفظ کیا۔ عدنان فرید نے کہا لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر پر ٹیکس ختم کرنے سے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ ملے گا۔ ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ملک کے گوشے گوشے میں معاشی زندگی کو چار چاند لگائے ہیں۔