سرینگر (اے پی پی)بھارتی خفیہ اداروں نے حکومت کو خبر دار کیاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں سابق فوجیوں اور پنڈتوں کیلئے الگ کالونیوں جیسے حساس معاملات اٹھانے سے مقبوضہ علاقے میں 2008 جیسی احتجاجی تحریک جنم لے سکتی ہے۔ خفیہ اداروں نے بھارتی حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس طرح کے نازک معاملات کے حوالے سے انتہائی فہم و فراست کا مظاہرہ کرے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سرینگر سے شائع ہونے والے ایک اردو روزنامے میں چھپنے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت اور مقبوضہ علاقے کے حساس اداروں نے سابق بھارتی فوجیوں اور کشمیری پنڈتوں کیلئے علاقے میں الگ کالونیوں کے قیام کے حوالے سے بھارتی حکومت اور مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی انتظامیہ کی بیان بازی کو امن و قانون کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی پولیس کے اعلیٰ افسروں نے بھی حال ہی میں بھارتی وزارت داخلہ کے حکام کو بریفنگ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ رہائشی کالونیوں کی تعمیر کے مجوزہ منصوبے کے باعث مقبوضہ علاقے میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور اگر اس معاملے کے ساتھ احتیاط اور صبر و تحمل کے ساتھ نہیں نمٹا گیا تو مقبوضہ علاقے میں 2008کی طرح کی صوتحال جنم لے سکتی ہے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے اخبار کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بھارتی حکومت پر زورد یا گیا کہ ایسا کوئی اقدام نہ اٹھایا جائے جو کشمیریوں کو سڑکوں پر نکل آنے کی بنیاد فراہم کرے۔
بھارتی خفیہ ادارے
فوجیوں، پنڈتوں کیلئے الگ کالونیاں، مقبوضہ کشمیر میں فسادات پھوٹ سکتے ہیں: بھارتی خفیہ ادارے
Jun 04, 2016