حکومت نے تین سال میں آئی ایم ایف سے 700 ارب روپے قرضہ لیا، 85 فیصد بلاواسطہ ٹیکس لگا دیئے: عمران خان

Jun 04, 2016 | 20:28

ویب ڈیسک

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جو پیسہ عوام پر خرچ ہونا چاہیے وہ اورنج ٹرین پر لگ جاتا ہے اور انسانوں پر خرچ ہونے والا پیسہ ترقیاتی منصوبوں پر لگایا جاتا ہے، ایک وقت تھا پاکستان برصغیر میں ترقی میں سب سے آگے تھا، جس ملک میں کرپشن ہو وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا اور بڑے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن سے پیسہ باہر جاتا ہے اور پیسہ ملک سے باہر جا رہا ہے، ہم مقروض ہو رہے ہیں، آئی ایم ایف سے تین سال میں 700 ارب روپے قرضہ لیا گیا اور حکومت نے 85فیصد بلا واسطہ ٹیکس لگا دیئے ہیں۔ وہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ جو پیسہ عوام پر خرچ ہونا چاہیے وہ اورنج ٹرین اور میٹرو پر لگایا جا رہا ہے، حکمرانوں کے پیسے باہر پڑے ہیں تو ملک سے کرپشن کیسے ختم ہو گی اور 200 ارب روپے جو عوام پر خرچ ہونے چاہئیں تھے وہ میٹرو پر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں پر پیسہ لگائیں تو آپ کو فائدہ نظر آ جائے گا، حکمران جب تک خود کرپٹ ہوں تو کرپشن کیسے ختم ہو گی، چین نے اپنے کسانوں کو سہارا دیا تو غربت کم ہوئی ہے، ایک وقت تھا جب پاکستان برصغیر میں ترقی میں سب سے آگے تھا۔ عمران خان نے کہا کہ قرضوں کی قسطیں واپس کرنے کےلئے مزید قرضہ لیا جا رہا ہے جس سے قوم مقروض ہو رہی ہے چھوٹا طبقہ امیر ہو رہا ہے، گزشتہ تین سال میں آئی ایم ایف سے 700 روپے ارب قرضہ لیا گیا ہے اور حکومت نے 85فیصد بلاواسطہ ٹیکس لگا دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس اللہ کی طرف سے کرپٹ لوگوں کی پکڑ ہے اور پانامہ لیکس سے نئے پاکستان کی راہ ہموار ہوگی۔

مزیدخبریں