سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی، بھارت نے دریائے چناب کا پانی دوبارہ روک لیا

Jun 04, 2017

سیالکوٹ(نامہ نگار)سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے دریائے چناب کا پانی دوبارہ مقبوضہ کشمیر کے علاقہ میں تعمیر شدہ بگلیہار ڈیم پر روک لیا ہے جس کے بعد دریائے چناب کا پانی ایک روز کے دوران 21ہزار آٹھ سو ترانوے کیوسک کم ہوکر ہیڈمرالہ کے مقام پر43ہزار آٹھ سو بارہ کیوسک رہ گیا ہے حالانکہ سندھ طاس معاہدہ کے تحت بھارت روزانہ دریائے چناب میں55ہزار کیوسک پانی چھوڑنے کا پابند ہے۔ محکمہ ایری گیشن کے مطابق ہیڈمرالہ کے مقام پر دریائے چناب کا مجموعی پانی 47ہزار چار سو 56کیوسک ہے جس میں دو دریائوں دریائے جموں توی کا دو ہزار دو سو ننانوے کیوسک پانی اور دریائے مناور توی کا ایک ہزار تین سو پنتالیس کیوسک پانی بھی شامل ہے اور ہیڈمرالہ سے دریائے چناب سے نکلنے والی دو نہروں مرالہ راوی لنک میں سترہ ہزار چھ سو چھیاسٹھ کیوسک پانی اور نہر اپر چناب میں گیارہ ہزار سات سو کیوسک پانی چھوڑا جارہا ہے۔ بھارت نے چند روز قبل دریائے چناب کا پانی دوبارہ کھولا تھا جسے دوبارہ بند کردیا گیا ہے اور پانی بند کرنے کی وجہ سے سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع کی لاکھوں ایکٹر اراضی کو نقصان پہنچ چکا ہے۔

مزیدخبریں