مکرمی! ہر سال بجٹ میں سرکاری پنشنرز کی پنشن میں اضافہ کیا جاتا ہے لیکن بڑے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ E.O.B.I کے پنشنروں کی پنشن میں کوئی اضافہ نہیں کیا جاتا حالانکہ ان کی پنشن سب سے کم ہے۔ اس وقت E.O.B.I کے بزرگوں کو صرف مبلغ 5250/- روپے ماہوار پنشن مل رہی ہے جو کہ اس کمر توڑ مہنگائی کے دور میں اتنی کم ہے کہ صرف دو افراد کے گھر کا گزارہ کرنا مشکل ہے اور اکثر فاقے ہی کرنا پڑتے ہیں لگتا ہے کہ وزیر خزانہ جناب اسحاق ڈار صاحب کو غریبوں کی پرواہ نہیں ہے چاہئے جیئں یا مریں وہ تو E.O.B.I کے محکمہ کی ہی وکالت کرتے نظر آتے ہیں حالانکہ E.O.B.I کا محکمہ مالی طور پر مستحکم ادارہ ہے جس کے پاس اربوں روپے فنڈ کے موجود ہیں قطع نظر اس کے کچھ ملازمین نے مبینہ طور پر مالی بے قاعدگیاں کی ہیں اور یہ کیس سپریم کورٹ آف پاکستان میں زیر سماعت رہا ہے اس لئے ہم غریب بزرگ E.O.B.I پنشنرز وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف صاحب سے مؤدبانہ گزارش کرتے ہیں کہ اس مسئلے پر توجہ فرمائیں اور E.O.B.I کے بزرگ پنشنرز کی پنشن میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کا حکم صادر فرمائیں تاکہ یہ لوگ بھی باعزت گزارہ کر سکیں اور سکھ کا سانس لیں۔ (محمد ظفر اقبال اور بہت سے دوسرے E.O.B.I پنشنرز مغلپورہ لاہور )