سیاست اقتدار کیلئے نہیں کرتے‘ خدمت کا سفر پورے پاکستان تک بڑھائیں گے : وزیراعلی پنجاب

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 25جولائی کے بعد عوامی خدمت کے سفر کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ عوام کی محرومیوں کا مداوا کرنے کے لئے سرتوڑ محنت کی اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ سابق وزرائ، ارکان اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خدمت کا جو سفر پنجاب سے شروع ہوا اب اس کا دائرہ کار پورے پاکستان تک بڑھائیں گے۔ عوام کی خدمت سے اطمینان اور دلی سکون ملتا ہے، سیاست اقتدار نہیں عوامی خدمت کےلئے کرتے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے سڑکیں ، پل، میٹرو بس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین ہی نہیں بنائی بلکہ سکول، کالج، یونیورسٹیاں، طبی مراکز، ہسپتال بھی بنائے اور پرانے ہسپتالوں کی بھی کایا پلٹ گئی۔ کسی کو شک ہے تو جا کر مظفر گڑھ اور لیہ جیسے دور افتادہ اضلاع کے ہسپتالوں کو دیکھ لے۔ جہاں اعلیٰ ترین ادویات اور سی ٹی سکین جیسے ٹیسٹ کی سہولتیں مفت مل رہی ہیں۔ پنجاب کے ہسپتالوں میں پہلی باراعلیٰ ترین پتھالوجی ٹیسٹ کی فیس ختم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا ہم جو کہتے ہیں، کر کے دکھاتے ہیں۔ عوام 2013سے پہلے اور 2018 کے بعد لوڈ شیڈنگ کی صورتحال کا موازنہ کر لیں، فرق صاف ظاہر ہے۔ پنجاب میں اربوں روپے کے انرجی پراجیکٹ لگائے۔ اب بجلی پنجاب میں پیدا ہوتی ہے لیکن پورا پاکستان نیشنل گرڈ کے ذریعے استعمال کرتا ہے۔ انہوں نے کہا الزام تراشی اور دروغ گوئی کی بجائے عوام کی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور یہ بھی جانتے ہیں کہ خدمت میں عظمت ہے۔ ملاقات کرنے والوں میں سابق صوبائی وزیر رضا علی گیلانی، سمیع اللہ خان ،سلطان محمود ہنجرا اور دیگر سابق ارکان اسمبلی شامل تھے۔
وزیراعلی

ای پیپر دی نیشن