چھاچھرو میں آتشزدگی کے باعث 60 جھونپڑیاں راکھ بن گئیں‘ 30بکریاں ہلاک

Jun 04, 2018

تھر (این این آئی)تھر کے علاقے چھاچھرو کے قریبی گائوں میں آتشزدگی کے باعث 60 جھونپڑیاں راکھ بن گئیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کے حوالے سے تاحال واضح نہیں ہوسکا تاہم اچانک بھڑک اٹھنے والی آگ نے چند لمحوں میں پورے گائوں کو لپیٹ میں لیا جبکہ رہائشیوں نے بمشکل اپنی جان بچائی اور اپنی مویشیوں کو بچانے کی کوشش کی تاہم اطلاعات کے مطابق بھاری نقصان ہوا۔چھاچھرو ٹائون کمیٹی کے صدر قمر دین رحیمو نے دعویٰ کیا کہ شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی اور پورا گاوں لپیٹ میں آگیا۔مقامی افراد کے مطابق وہ شدید گرمی کے موسم میں گھروں سے باہر رہنے پر مجبور ہیں کیونکہ ان کے گھر جل کر راکھ بن چکے ہیں۔متاثرہ افراد نے کہا کہ اس آتشزدگی کے باعث اناج اور دیگر قیمتی اشیا سمیت ان کا بھاری نقصان ہوا ہے۔مقامی افراد کے مطابق اس آتشزدگی کے دوران کم ازکم 30 بکریاں بھی ہلاک ہوئیں۔

مزیدخبریں