کراچی( نیوز رپورٹر) انجمن محفل گلزار حسینی کے چیف آرگنائزر محمد سبطین نقوی اور سربراہ سید جاوید حسین نقوی نے نواسہ رسول ﷺ امام حسن مجتبیٰ کی ولادت باسعادت کے موقع پر نشتر پارک سولجر بازار میں 23 ویں جشن ولادت حسن امام مجتبیٰ کانفرنس کا انعقاد کیا۔ نظامت ایس ایم
سبطین نقوی نے کی صدر کانفرنس جعفریہ الائنس کے سربراہ ڈاکٹر علامہ عباس کمیلی نے کہا کہ آج پوری ملت جعفریہ نواسہ رسول حضرت امام حسن مجتبیٰ کی ولادت باسعادت کے موقع پرشایان شان اجتماعات کا انعقاد کررہی ہے۔ مہمان خصوصی علامہ فرقان حیدر عابدی نے کہا کہ امام حسن مجتبیٰ کے اقتدار کا دور انتہائی کٹھن دور تھا جس میں اسلام کے خلاف سازشوں کا سلسلہ عروج پر تھا مگر انہوں نے اپنے نانا کے دین کو بچانے کے لئے صبر و استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے صلح امن کا پیغام دیا اور آخری سانس تک شریعت محمدی پر عمل کرتے ہوئے پوری زندگی دین اسلام کی بقا کیلئے قربان کردی۔ مہمان خصوصی علامہ محمد علی عابدی نے کہا کہ حضرت امام حسن کی پوری زندگی اپنے نانا حضرت محمد ﷺ اور اپنے بابا حضرت علی اور اپنی والدہ ماجدہ حضرت فاطمہ کی سیرت کی آئینہ ہے۔ کانفرنس میں معروف شاعر اہل بیت سید نقی امام، سید وجیہہ الحسن عابدی، نجم الحسن نقوی، مطاہر حسین اور سید آل حیدر نے شرکت کی۔