کراچی (سٹاف رپورٹر) ایم کیوایم پاکستان پی آئی بی گروپ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہمارے ساتھ مردم شماری میں ناانصافی ہوئی ہے۔ مردم شماری میں ہمیں کم گنا گیا۔اب سوچنا ہوگا کہ الیکشن میں حصہ لیں یا نہیں لیکن ہمارا لندن سے اور اس کے بائیکاٹ سے کوئی تعلق نہیں، ہمیں ہمارا جائز سیاسی حق دیا جائے اور دفاتر واپس کئے جائیں۔ وہ اتوار کو بلدیہ ٹائون میں راشن کی تقسیم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کی تقسیم سے لگ رہا ہے کہ ایم کیوایم کے مینڈیٹ کو تقسیم کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے ، مردم شماری میں ہمیں کم شمار کرکے ہمارے ساتھ نا انصافی کی گئی، الیکشن کمشن نے امیدواروں کی سکروٹنی کے لیے ایک ہفتہ دیا ہے جس پر تحفظات ہیں۔کم سے کم دو سے تین ہفتے کا وقت دینا چاہئے۔ رشید گوڈیل نے پی ٹی آئی میں جانے کا فیصلہ کیا یہ ان کا حق ہے۔ میں رشید گوڈیل اور پی ٹی آئی دونوں کے لیے دعا گو ہوں۔ ہم اور نارضگیاں برداشت نہیں کر سکتے ناراضگیاں ختم ہونی چاہئیں۔