سابق ایٹمی سائنسدان کا بیرون ملک جانے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجو ع

Jun 04, 2018

اسلام آباد(صباح نیوز)ملک کی مختلف جوہری تنصیبات پر کام کرنے والے سابق ایٹمی سائنسدان نے بیرون ملک جانے کے لیے این او سی کے حصول کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ایٹمی سائنسدان محمد ریاض پاشا نے اپنی دائر پٹیشن میں نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے چیئرمین، اسٹریٹجک پلاننگ ڈویژن(ایس پی ڈی) کے ڈائریکٹر جنرل اور پاکستان جوہری توانائی کمیشن (پی اے ای سی)کے چیئرمین کو فریق بناتے ہوئے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ گزشتہ 25 سال سے پاکستان کی مختلف جوہری تنصیبات پر سائنسدان کی حیثیت سے تعینات رہے اور پی اے ای سی سے 7 جولائی 2015 کو ریٹائر ہوئے۔ریٹائرمنٹ کے وقت انہوں نے بیرون ملک ملازمت کے مواقع ہونے کے باعث ملک سے باہر جانے کے لیے این او سی کے حصول کے لیے درخواست دی تھی جس پر حکام نے نہ صرف ان کو این او سی دینے سے انکار کیا بلکہ ان کے ریٹائرمنٹ پر ملنے والے فوائد بھی جاری نہیں کیے۔پٹیشنر کا دعویٰ تھا کہ تاہم حکام نے اپنے وعدے پورے نہیں کیے۔عدالت فریق بنائے گئے حکام کو حکم دے کہ وہ انہیں بیرون ملک جانے کے لیے این او سی اور ان کے بقایاجات جاری کیے جائیں۔

مزیدخبریں