شدید گرمی ،سبی میں پارہ 50 ڈگری ، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے سے تجاوز

Jun 04, 2018

لاہور، اسلام آباد، پشاور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران+ وقائع نگار+ نیٹ نیوز+ نوائے وقت رپورٹ ) گزشتہ روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہا۔ سورج آگ برساتا رہا۔ پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں شدید گرمی کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز سبی میں درجہ حرارت سب سے زیادہ 50، جیکب آباد اور بھکر میں 49، لاڑکانہ، سکھر، رحیم یار خان اور خانپور میں پارہ 47 ڈگری رہا۔ ڈی جی خان، نوابشاہ، دالبندین میں 46 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ گوجرانوالہ 42،پشاور میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا۔ محکمہ موسمیات نے اگلے چند بھی ملک بھر میں شدید گرمی کی پیش گوئی کی ہے اور کہا ہے کہ سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک جاسکتا ہے ۔ سخت موسم کا مقابلہ کرنے کیلئے شہریوں نے نہروں اور سوئمنگ پول کا رخ کرلیا۔ لاہور میں بھی شدید گرمی کے باعث شہری سارا دن نہر میں نہاتے رہے۔ اسلام آباد میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی پانی کی بحرانی کیفیت پیدا ہوگئی۔ تمام سیکٹرز میں پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پانی کی قلت کے باعث خانپور ڈیم سے پانی کی فراہمی بند کردی گئی ہے کیونکہ ڈیم میں پانی ڈیڈ لیول تک پہنچ گیا ہے۔ جماعت اسلامی کے نائب امیر میاں محمد اسلم نے دارالحکومت میں پانی کی بدترین قلت اور ٹینکر اور بورنگ مافیا کیخلاف آج 4جون کو جی سکس میئر آفس کے سامنے احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کا یہ دھرنا شام پانچ بجے سے رات دس بجے تک جاری رہگا۔دوسری طرف بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سسٹم کو اپ گریڈ نہ کرنے اور بجلی خسارہ کم نہ ہونے پر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے سے تجاوز کرگیا۔ لیسکو نے لوڈمینجمنٹ کا بہانہ بناکر غیراعلانیہ اور فورسڈ لوڈشیڈنگ میں اضافہ کردیا۔ دوسری جانب این ٹی ڈی سی کے لاہور 500 کے وی سرکٹ میں فنی خرابی کے باعث لیسکو کے متعدد گرڈ سٹیشنز سے فراہمی متاثر ہوئی جس سے شہر کا زیادہ تر حصہ بجلی سے محروم رہا جبکہ بجلی کا شارٹ فال 4700 میگاواٹ برقرار ہے جس کو وزارت پاور اور تقسیم کار کمپنیوں نے حیلوں بہانوں سے پورا کرنا شروع کردیا ہے۔ لیسکو کے 11 کے وی کے بیسیوں فیڈرز روزانہ کی بنیادپر بندہورہے ہیں جس سے بجلی بندش کا دورانیہ 10 گھنٹے سے بڑھ گیا ہے۔ ماڈل ٹائون، اولڈ کوٹ لکھپت، گارڈن ٹائون، لیفو، ڈیفنس، ولنگٹن مال، ٹائون شپ، شادمان، لاہور کینٹ، رحمان پارک، جوہر ٹائون ون اور ریواز گارڈن سے ملحقہ فیڈرز پر ہر دو گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ مینجمنٹ کی گئی۔دریں اثنا کامونکے، سادھوکے اور تتلے عالی میں سحر و افطار کے وقت سوئی گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے خواتین کو کھانا پکانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور شہری بازار سے چیزیں خرید کر سحر و افطار پر مجبور ہیں۔

مزیدخبریں