سراج الحق کی سبیکا شیخ کے گھر جاکر اہل خانہ سے ملاقات، اظہار تعزیت

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے امریکہ کے شہر ٹیکساس میں زیر تعلیم پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی شہادت پر ان کے گھر جاکر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور لواحقین و پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن، یونس بارائی، زاہد عسکری، سرفراز احمد، نعیم اختر، محمد عامر، حمزہ صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔ دریں اثناء سینیٹر سراج الحق نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ 17سالہ بچی سبیکا شیخ کی شہادت پر پوری قوم کو صدمہ ہوا ہے، سبیکا امریکا میں تعلیم حاصل کرنے گئی تھی جس سے والدین اور قوم کو بڑی توقعات تھیں، وہ امریکہ میں دہشت گردی کا نشانہ بن گئی، امریکی حکومت کی ذمہ داری بنتی تھی کہ واقعہ کا فوری نوٹس لیتی مگر افسوس کہ امریکہ نے کوئی مثبت قدم نہیں اٹھایا۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ نے ان کے خاندان سے مجرم کو سزا دینے کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا اور ایک حکومت اور ریاست کی حیثیت سے جو کرنا چاہئے تھا وہ نہیں کیا گیا۔ امریکی حکومت کو طلبہ کی جان کے تحفظ کے حوالے سے اقدا م کرنے چاہیئں۔ انہوں نے کہاکہ اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اورد عا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین۔کراچی سے نیوز رپورٹر کے مطابق سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام کو مایوس کیا ہے اب عوام اس پارٹی کو مسترد کریں گے عوام کی حالت سندھ کے اندر حد سے زیادہ خراب ہے لاڑکانہ کا برا حال ہے‘ لیاری کے عوام بنیادی ضروریات سے محروم ہیں‘ ملک اور قوم کی نجات اور تمام پاکستانیوں کے مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے‘ الیکشن کمیشن امیدواروں کی جانچ پڑتال میں آئین کی دفعہ 62/63کے مطابق عمل کرے‘ عوام ایماندار اور اہل اور دین دار قیادت کو ووٹ دیں انتخابات میں متحدہ مجلس واضح طور پر کامیابی حاصل کرے گی اور عوام کے مسائل حل کرے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ مجلس عمل ضلع وسطی کے زون گجرواور معمارتحت قاسم آباد گراؤنڈ‘ جنجار گوٹھ میں منعقدہ عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عوامی دعوت افطار سے اسد اللہ بھٹو، یونس بارائی، زمیر زون معماررضوان شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر دی نیشن