پاکستان 56 ممالک سے غیرملکی اکائونٹس کی معلومات شیئر کریگا

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان نے کثیرجہتی ٹیکس کنونشن کے تحت باہمی تعاون کی بنیاد پر عالمی ادارہ برائے اقتصادی و ترقیاتی تعاون (او ای سی ڈی) کے ساتھ باضابطہ طور پر غیرملکی پاکستانیوں کے بنک اکاؤنٹس کی مالی معلومات کے تبادلے کا فیصلہ کرلیا۔ معلومات کا تبادلہ رواں برس ستمبر میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور دیگر اداروں میں مطلوبہ ہارڈ وئیر اور سافٹ ایئر کی انسٹالیشن کے بعد شروع کردیا جائیگا۔ او ای سی ڈی کنونشن کے مطابق گزشتہ 2 سال سے مختلف قوانین اور مسلسل کوششوں کی وجہ سے پاکستان اب 20-2018ء کیلئے گلوبل فورم کے پیر ریویو گروپ (پی آر جی) کا حصہ بن گیا۔ پی آر جی گروپ 30 ممالک پر مشتمل ہے جن کے پاس تمام رکن ممالک کی معلومات کے تبادلے سے متعلق پالیسی پر مصالحت کرنے، جائزہ لینے اور ان کی نگرانی کرنے کا اختیار ہوتا ہے۔ منظور شدہ منصوبے کے مطابق کل 56 ممالک نے پاکستان کے ساتھ ضروری معلومات کے تبادلے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ستمبر 2018ء سے شروع ہونیوالے پہلے مرحلے میں پاکستان 35 ممالک کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کریگا جبکہ ستمبر 2019ء سے شروع ہونے والے دوسرے مرحلے میں مزید 20 ممالک کو اس فہرست میں شامل کیا جائیگا۔ اسکے علاوہ 2020ء میں صرف ایک ملک کے ساتھ پاکستان معلومات کا تبادلہ کریگا۔ دیگر 48 ممالک کی جانب سے پاکستان کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کرنے کے حوالے سے ابھی تک کوئی اشارہ نہیں دیا گیا جبکہ کچھ رکن ممالک نے پاکستان کے ساتھ معلومات کے تبادلے سے انکار کردیا۔ واضح رہے پاناما پیپرز کیس سامنے آنے کے بعد اس کنونشن پر دستخط کرنے کی ضرورت پیش آئی تھی۔

ای پیپر دی نیشن