چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان آئین کے آرٹیکل 62 پر پورا نہیں اترتے کیونکہ انہوں نے ان کے ساتھ نکاح کو چھپا کر 2 ماہ تک جھوٹ بولا۔ریحام خان نے اپنی کتاب لکھنے کے لیے مسلم لیگ(ن)کے صدر شہباز شریف سے پیسے لینے اور ان سے یا سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز سے ملاقات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ الزامات لگانے والوں کے خلاف عدالت جائیں گی۔ساتھ ہی انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے معاملے کا نوٹس لینے کی بھی اپیل کردی۔نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ریحام خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کتاب لکھنے کے لیے شہباز شریف سے پیسے لیے اور نہ ہی کبھی ان کی شہباز شریف یا مریم نواز سے ملاقات ہوئی، 'الزامات لگانے والوں کے خلاف عدالت جاوں گی'۔ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ 'جو نگران وزیر اعلی کا نام نہیں دے سکا، وہ ملک کیا چلائے گا؟'اپنی کتاب کی اشاعت کے حوالے سے ریحام خان نے کہا کہ ان کی 'کتاب سے الیکشن کو کیا خطرہ؟جو تاریخ بہتر لگی، اس وقت کتاب منظر عام پر آجائے گی'۔ریحام خان کی کتاب کے معاملے پر پارٹی یقینی طور پر اپ سیٹ ہے، ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے الیکشن سے پہلے خواتین کو استعمال کیا جا رہا ہو۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے 1988 میں بے نظیر بھٹو اور نصرت بھٹو کے خلاف حسین حقانی نیٹ ورک کو استعمال کیا اور ان کی جعلی تصاویر بنوا کر ہیلی کاپٹر سے پھینکی گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ اب کی بار بھی حسین حقانی اور ریحام خان کی تصاویر ساری کہانی بتا رہی ہیں کہ ہو کیا رہا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اسلام میں منکوحہ عورت اور مرد ایک دوسرے کا لباس ہوتے ہیں اور کسی بھی معاشرے میں طلاق کے بعد اپنے خانگی معاملات پر بات کرنا نا صرف تہذیب کے خلاف بلکہ بدتہذیبی ہے۔ریحام خان کی کتاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ انہیں تین سال تک کتاب لکھنے کا خیال کیوں نہیں آیا، الیکشن سے پہلے ہی کتاب لکھنے کا خیال کیوں آیا؟ ظاہر ہے وہ الیکشن کے ایجنڈے پر کام کر ر ہیں۔ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ سلمان احمد نے الزام لگایا ہے کہ ریحام خان نے شہباز شریف سے ایک لاکھ پانڈ لیے ہیں، وہ تو کہہ رہے ہیں کہ ریحام ان کے خلاف عدالت جائیں اور اگر ریحام عدالت جاتی ہیں تو انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ اب تک جو باتیں سامنے آئی ہیں وہ یہ ہیں ریحام خان نے مسلم لیگ، مریم نواز اور شہباز شریف سے احسن اقبال کے ذریعے ملاقاتیں کیں اور ان سے پیسے لیے۔تحریک انصاف کے اپ سیٹ ہونے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ ریحام خان کے الزامات پر پارٹی بالکل اپ سیٹ ہے کیونکہ وہ 11 ماہ تک عمران خان کے نکاح میں رہی ہیں اور اگر انہیں ہمارے لیڈر کے خلاف استعمال کریں گے تو پارٹی تو اپ سیٹ ہو گی۔فواد چوہدری نے کہا کہ اگر کسی شخص کی طلاق یافتہ بیوی کتاب لکھے گی تو وہ اس میں کیا لکھے گی، ظاہر ہے اس میں وہ اپنے سابق شوہر کی دھجیاں اڑانے کی کوشش کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ اس ایجنڈے کے اوپر ہماری مخالف پارٹی کے ذریعے استعمال ہو رہی ہیں تو وہ بدقسمتی ہے۔
عمران نے نکاح چھپایا، وہ آرٹیکل 62 پر پورا نہیں اترتے، ریحام خان؛ طلاق یافتہ بیوی کتاب لکھے گی تو وہ سابق شوہر کی دھجیاں اڑانے کی کوشش کرے گی،فواد چوہدری
Jun 04, 2018 | 19:09