لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ عیدالفطر پر مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر ہونے والے عیداجتماعات کی سیکیورٹی کیلئے تعینات افسران واہلکار بھرپور محنت ، لگن اور فرض شناسی کے جذبے سے ہائی الرٹ ہو کر فرائض منصبی اداکریں ۔ چاند رات پرپنجاب بالخصوص لاہور سمیت تمام بڑے شہروںمیں اہم مارکیٹس اور شاہراہوں پر شہریوں کی سیکیورٹی کیلئے اضافی دستے تعینات کئے جائیں جبکہ ہوائی فائرنگ ، ون ویلنگ اورہلڑ بازی کے ذریعے شاہراہوں پرٹریفک نظام متاثر کرنیوالے عناصر کے خلاف سخت کارروائی میں تاخیر نہ کی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بازاروں ، شاپنگ سنٹرزاور مارکیٹوں کی سیکیورٹی کیلئے پٹرولنگ فورسز کے ساتھ ساتھ سادہ لباس میں اہلکار بھی تعینات کئے جائیں جبکہ بازاروں ، شاپنگ سنٹرز اور مارکیٹوں میں خواتین کو تنگ کرنیوالوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور سٹریٹ کرائمز کے واقعات کی روک تھام کیلئے پٹرولنگ فورسز ڈولفن ، پیرو کے گشت کو مزید موثر بنایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں سینئر پولیس افسروں کو عید سیکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس کے دوران ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔
عیداجتماعات کی سکیورٹی کیلئے تعینات افسرواہلکارذمہ داری سے فرائض اداکریں:آئی جی
Jun 04, 2019