واشنگٹن(آئی این پی) امریکا کی عدالت نے کولمبیا کے ایک نوسرباز کو سعودی شہزادے کا روپ دھار کر لوگوں کو لوٹنے اور ان کے ساتھ فراڈ کرکے کروڑوں ڈالر جمع کرنے کے الزام میں 18 سال چھ ماہ قید کی سزا سنادی۔بین الاقوامی نشریاتی ادارے کے مطابق 48 سالہ کولمبین نوسرباز کا اصل نام انتھونی ہے مگر وہ امریکا میں شہزادہ سلطان بن خالد آل سعود اور کبھی عمر آل سعود کے جعلی ناموں کے ذریعے لوگوں سے فراڈ اور دھوکے کرتا رہا ہے۔انتھونی گینیاک کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا میں پیدا ہوا مگر اس کے والدین نے 1977 میں اس وقت امریکی شہریت اختیار کی تھی جب انتھونی کی عمر بہت کم تھی۔ملزم کو امریکی پولیس نے 2017 میں سفارتی نمبر پلیٹ والی ایک لگژری کار چلاتے ہوئے حراست میں لیا تھا، وہ زیادہ تر مہنگی گاڑیاں انٹریٹ پر ویب سائٹ سے خریدتا تھا۔کولمبین نوسرباز لوگوں کو دھوکا دینے کے لیے خلیجی ملکوں کے بینکوں کی جعلی دستاویزات اور چیک بکس دکھاتا اور یہ ظاہر کرتا کہ اس کے بینک اکانٹ میں 60 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم موجود ہے۔ملزم نے گرفتاری کے بعد اعتراف کیا کہ وہ انشورنس کمپنیوں، بینک کریڈٹ کمپنیوں، ہوٹلوں، دکانوں اور دیگرکے ساتھ دھوکا کیا۔