اسلام آباد(نامہ نگار+ آن لائن) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ایک بار پھر نیب نے طلب کر لیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ نیب راولپنڈی نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو آج(جمعرات کو) جعلی اکاوَنٹس کیس میں طلب کیا ہے۔ مراد علی شاہ سے سندھ روشن پراجیکٹ سے متعلق تفتیش کی جائے گی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کو تمام ریکارڈ ساتھ لانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو اس سے قبل نیب اسلام آباد نے بھی جعلی اکاؤنٹس کیس میں طلب کیا تھا۔ جہاں انہوں نے نیب کی پانچ رکنی ٹیم کے سامنے پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا۔نیب نے مراد علی شاہ کو ٹھٹھہ اور دادو شوگر ملزم کیس سے متعلق ریکارڈ سمیت طلب کیا تھا اور ان سے نیب کی ٹیم نے ایک گھنٹے سے زائد وقت تک پوچھ گچھ کی تھی۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ میرے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے اور نیب تحقیقات کے لیے پوری طرح سے تیار ہوں۔ انہوں نے نیب راولپنڈی طلب کیے جانے پر شکوہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سب لوگ کراچی میں ہیں اور ہمیں یہاں بلایا جا رہا ہے۔ کراچی بلایا جاتا تو سکیورٹی سمیت دیگر اخراجات زیادہ نہیں ہوتے۔
جعلی اکائونٹس کیس: نیب میں وزیراعلیٰ سندھ آج طلب ، اسمبلی میں خطاب کرتے آبدیدہ ہوگئے
Jun 04, 2020