اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو زرداری نے کہا وفاقی حکومت ریاست کے ماتحت اداروں کے مزدوروں کے ساتھ سازشیں بند کرے۔ سرکاری، نیم سرکاری اور ریاستی کارپوریشنز کے ملازمین کو نوکریوں سے نکالا گیا تو اس عمل کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ کرونا وائرس کی وباء کے دنوں میں مزدوروں کو نوکریوں سے نکالنا انتہائی سفاکانہ اقدام ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان اور ان کی کابینہ کے کچھ اراکین افراتفری کی ایسی صورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ ریاستی کارپوریشنز ا ن کے منظور نظر افراد کی نذر ہوجائیں۔ قومی ایئرلائن اور پاکستان سٹیل ملز ایسے قومی اثاثے ہیں جو پہلے دن سے ہی پی ٹی آئی حکومت کے نشانے پر ہیں۔ پی ٹی آئی منظم طریقے سے ریاستی کارپوریشنز کے ہزاروں ملازمین اور ان کے خاندان کے لاکھوں افراد کے روزگار سے کھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے میں لازمی سروسز ایکٹ کا نفاذ اور یونینوں پر پابندی ایک غیر آئینی عمل ہے۔ ورکرز کو بنیادی حقوق سے محروم کرنے کے حکومتی اقدامات اس راز کو بھی فاش کر رہے ہیں کہ حکومت اداروں کو فروخت کرنا چاہتی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی سرکاری شعبے کی ڈاؤن سائزنگ ہونے نہیں دے گی اور مزدوروں کو بیروزگار کرنے اور اداروں کی نجکاری کے حکومتی اقدامات کے بھرپور مزاحمت کرے گی۔