اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایف آئی اے کو بس ریپڈٹرانزٹ( بی آر ٹی) منصوبہ کی تحقیقات سے روکنے کے حکم امتناع میں توسیع کر دی۔ عدالت نے خیبرپختونخوا حکومت کو کیس چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے منصوبے سے متعلق سوالات اٹھا دیئے۔ بدھ کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں پشاور بی آر ٹی منصوبہ کیس کی جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ صوبائی حکومت کی اپیل کو زیادہ عرصے حکم امتناع میں نہیں رکھنا چاہتے، صوبائی حکومت بی آر ٹی کیس چلائے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ بطور عدلیہ منصوبے کے حوالے سے مخصوص چیزوں کا جائزہ لینا ہے، منصوبے کے ڈیزائن میں بار بار عوام کے پیسے سے تبدیلی کی گئی، منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کا جائزہ بھی لیں گے، دیکھنا ہے کہ منصوبے میں کہیں مفادات کا ٹکرا تو نہیں ؟ منصوبہ کہیں بغیر تیاری کے شروع تو نہیں کیا گیا ؟ منصوبے میں غلطیوں کو بھی دیکھنا ہے، صوبائی حکومت نے کہیں ادھورے منصوبے پر اربوں روپے تو نہیں لگا دیئے ؟ شفافیت کا جائزہ بھی لیں گے۔عدالت نے خیبرپختونخوا حکومت کے وکیل کی جانب سے التوا کی استدعا پر سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔