شہباز شریف کو بیرون ملک نہیں جانے دیں گے: شبلی فراز

Jun 04, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر اطلاعات شبلی فراز نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ عوام ایس او پیز پر عمل نہیں کریں گے تو کرونا سے متاثر ہوں گے۔ ہم نے کاروبار کو مرحلہ وار کھولا اور لاک ڈائون کو نرم کیا۔ لوگوں نے ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں اپنایا۔ کرونا سے اموات اور متاثرین کی تعداد اب بھی ہمارے تخمینے سے کم ہیں۔ احتیاطی تدابیر سے ہی کرونا سے بچا جا سکتا ہے۔ ارکان اسمبلی بھی کرونا سے متاثرہو رہے ہیں۔ کوشش یہی تھی کہ جانوں کے تحفظ کے ساتھ معیشت بھی چلتی رہے‘ ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے پہلے ہمارے پاس جہازوں کی کمی تھی۔ ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے 10جون تک15طیارے آجائیں گے۔ ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا تو حکومت لاک ڈائون سخت کرے گی۔ اپوزیشن لیڈر کرونا کی وجہ سے اسمبلی میں نہیں آئے گویا وہ برہمن اور دوسرے شودر ہیں۔ آج کل معیشت کا ٹڈی دل بہت سرگرم ہے۔ ان کے پاس جب نیب کا وارنٹ جائے تو بھاگ جاتے ہیں۔ وہ لوگ کہاں ہیں جو 50روپے کے سٹیمپ پیپرز پر دستخط کر کے بھاگ گئے۔ عالمی سطح پر بڑی معیشتیں کرونا وبا کا سامنا نہیں کر پا ئیں۔ لندن کی تصویر شہباز شریف کو یہ بتانے کیلئے وائرل کی گئی کہ جہاں پناہ واپس آ سکتے ہیں۔ نواز شریف کی تصویر کا آنا پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کیلئے اشارہ تھا۔ الیکشن سے پہلے شہباز شریف نے خود کو اگلا وزیر اعظم ظاہر کرنا شروع کر دیا تھا۔ نیب بلاتی ہے تو وہ بھاگ جاتے ہیں۔ انہیں عدالت سے بھی رعایت مل جاتی ہے۔ مسلم لیگ ن کئی حصوں میں تقسیم ہو چکی ہے۔ لیگی رہنما انتقامی کارروائیوں کا رونا رو رہے ہیں۔ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی کابینہ میں بات نہیں ہوئی۔ شہباز شریف کو جانے نہیں دیا جائے گا۔ ن لیگ عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتی۔ عمران خان نے شوگر کمشن رپورٹ پبلک کی۔ عمران خان ملک سے گند کا صفایا کریں گے۔ کرونا کے پیچھے چھپنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں۔ یہ جب اقتدار میں نہیں ہوتے تو ملک سے فرار ہو جاتے ہیں۔ عمران خان وہ وزیر اعظم ہیں جن کی شوگر مل نہیں ہے۔ پاکستان کا پہلا وزیراعظم ہے جو لندن میں محلات نہیں بنا رہا۔ یہ کارروائی آپ کے کرتوت کی وجہ سے ہو رہی ہیں۔ عمران خان کی نہ تو چینی اور نہ ہی سیمنٹ فیکٹری ہے۔ شریف خاندان کے ملازمین سے اربوں روپے نکلے۔نواز شریف کو عدالت کے ذریعے وطن واپس لانے پر غور کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں