اسلام آباد(نیوزرپورٹر) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے وفاقی وزیر سینیٹر اعظم سواتی نے اُن کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے د وران دونوں رہنمائوں کے درمیان بجٹ اجلاس کے حوالے سے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ کرونا کی صورتحال کے پیش نظر ارکان پارلیمنٹ اور ملازمین کے تحفظ کیلئے موثر حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایوان بالا ء کی جانب سے مرتب کئے گئے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا ۔سینیٹر اعظم سواتی نے اجلاس کے حوالے سے حکومت کی جانب سے کئے گئے انتظامات سے متعلق چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ غیر معمولی اجلاس ہے حکومت پارلمانی امور کی موثر انجام دہی اورا رکان کے تحفظ کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔چیئرمین سینیٹ اور وفاقی وزیر کی ملاقات کے دوران اجلاس کے دورانیہ ، بجٹ کی منظوری اور دیگر قانون سازی سے متعلق بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
سینیٹر اعظم سواتی کی چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ملاقات
Jun 04, 2020